سرگودھا: درس عرفان القرآن کی دوسری نشست میں علامہ رانا نفیس قادری کا خطاب

مورخہ: 19 مئی 2019ء

تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے زیراہتمام سرگودھا میں 5 روزہ دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست جامع مسجد پیرسید حامد علی شاہ میں منعقد ہوئی، جس میں علامہ رانا نفیس حسین قادری نے ’’مثالی معاشرے (حقوق والدین)‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے صحیفہ انقلاب قرآن مجید کی روشنی میں والدین کے حقوق بارے بتایا کہ اللہ کریم کی توحید اور سرکار علیہ الصلوۃ والسلام کی رسالت کے بعد والدین کا درجہ سب سے عظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی خدمت میں ہم سب کی بھلائی ہے اور والدین کی خدمت کرکے ہی ہم اپنی آنے والی نسلوں کے معاشرے کو حقیقی مثالی معاشرہ بناسکتے ہیں جو والدین کا نافرمان ہے وہ اللہ کریم اور رسول اللہ ﷺکا بھی نافرمان ہے اور آخرت میں ایسا لوگوں کا کوئی حصہ نہیں۔ والدین کافر و مشرک ہوں اور کفر و شرک پر جمے رہیں تب بھی ان کی اولاد دنیا میں ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی پابند ہے۔ اولاد کیلئے والدین کی خدمت و فرمانبرداری کو حصولِ جنت کا زینہ بلکہ خود والدین کو " جنت کا دروازہ" قرار دیا گیا اور اس شخص کو محروم و بدنصیب کہا گیا جو والدین جیسی مقدس ہستیوں کو پاکر انکی خدمت کرکے جنت کا مستحق نہ بن سکے بلکہ اس معاملے میں غفلت و کوتاہی اور والدین کی نافرمانی کے سبب جہنم اس کا مقدر بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک اعمال میں سب سے زیادہ پسندیدہ اور اچھا عمل والدین کی خدمت کرنا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ ’’پروردگار کی رضا والد کی رضا میں ہے اور پروردگار کی ناراضی والد کی ناراضی میں ہے‘‘۔

اس سے پہلے پروگرام کا باقاعدہ آغاز نماز فجر کے بعد ہوا، جس میں سرگودھا اور گردونواح سے خواتین وحضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے منہاج القرآن سرگودھا کی اس کاوش کو بھرپور سراہا۔ پروگرام میں سابقہ جنرل سیکرٹری بار خرم اقبال بسراء ایڈووکیٹ صاحب نے خصوصی شرکت کی اور انہوں نے پروگرام کے شرکاء میں 6 عدد عرفان القرآن کے نسخہ جات بذریعہ قرعہ اندازی دئے۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔

رپورٹ: چوہدری شوکت ابرار، انفارمیشن سیکرٹری سرگودھا

تبصرہ

Top