سیالکوٹ: یوم علی پر پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کی مجالس میں شرکت

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد حسین نقوی کی سربراہی میں وفد نے سیالکوٹ میں یوم علی پر منعقدہ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کی۔ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت 21 رمضان المبارک کو ضلع سیالکوٹ میں مختلف مقامات پر مجالس و جلوس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وفد میں پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی سیکرٹری جنرل میاں محمد رضا، امیر تحریک ضلع سیالکوٹ محمد یونس قادری اور مقامی کارکنان بھی شامل تھے۔ وفد نے ڈسکہ، میانوالی، پسرور، سیالکوٹ، سمبڑیال میں مختلف محافل میں شرکت کی۔

سیالکوٹ میں امام بارگاہ آڈہ پسروریاں میں مقامی انجمن کے عہدیداران و جامع مسجد علی کے خطیب علامہ جواد نقوی نے وفد کا استقبال کیا۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی محبت اہل بیت، سنی شیہ بھائی چارہ کے لیے کی جانے والی قیادت و رہنمائی اور عملی کاوشوں کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

بعد ازاں مختلف مجالس میں مقامی مقررین نے کہا کہ مولائے کائنات کا ذکر کرنا عبادت ہے۔ آپ کے فیض سے کائنات روشن ہے۔ آپ کی شہادت عالم اسلام ہی نہیں انسانیت کے لیے پیغام امن ہے۔ مولائے کائنات کے پیغام امن کو عملا عام کرتے ہوئے مختلف مسالک میں اتحاد و اتفاق کی جتنی آج ضرورت ہے، پہلے نہ تھی۔

تبصرہ

Top