اسپین: پاکستان عوامی تحریک یورپ کی آل پارٹیز پریس کانفرنس

پاکستان عوامی تحریک یورپ کے پلیٹ فارم سے بارسلونا میں آل پارٹیز پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، عام آدمی پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادتوں نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس میں دنیا ٹی وی، سچ ٹی وی، 92 نیوز کے علاوہ ڈیلی جنگ اور دیگر معروف اخبارات کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر عوامی تحریک یورپ کے صدر، شاہد ملک نے کہا کہ نجفی کمیشن کی رپورٹ نے قاتلوں کو سر بازار ننگا کردیا ہے اب اداروں کا کام ہے کہ وہ ماڈل ٹاون میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو انصاف دلائیں۔ پیپلز پارٹی سپین کے نائب صدر ساجد گوندل نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ قتل کرنے والوں کی پارٹی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین سپین کے صدر میاں اعجاز نے کہا کہ مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے ہم پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینگے۔

پاکستان عوامی تحریک یورپ کے جنرل سیکرٹری محمد منیر نے کہا کہ ہمارے تین مطالبات ہیں شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ استعفٰی دیں، ماڈل ٹاون مقتولین کی ایف آئی آر میں نامزد 120 بیورو کریٹس اور پولیس افسران اس کیس کا فیصلہ آنے تک عہدے چھوڑ دیں تاکہ وہ تفتیش پہ اثر انداز نہ ہوسکیں۔ پانامہ کیس کی طرز پر ایسی آزاد اور خود مختار جے آئی ٹی بنائی جائے جو سپریم کورٹ کے ججز پہ مشتمل ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم یورپ کے ہر فورم پہ احتجاج کرینگے۔

عوامی تحریک سپین کے صدر اقبال چوہدری نے کہا کہ ہم فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان کو بھی رد کرتے ہیں جس میں انہوں نے القدس کو اسرائیل کا دارلخلافہ بنانے اور وہاں امریکی سفارتخانہ کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔ تحریک انصاف سپین کے صدر محمد شہباز ملک نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ماڈل ٹاون آپریشن بیرئرز ہٹانے کے لیے نہیں بلکہ طاہر القادری کی پیشقدمی روکنے اور انکے کارکنان کو ہراساں کرنے کے لیے کیا گیا۔ ہمارے لیڈر عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہرممکن تعاون کا وعدہ کیا ہے۔

رپورٹ: محمد منیر۔ کوپن ہیگن

تبصرہ

Top