منہاج القرآن انٹرنیشنل ابوظہبی کے زیراہتمام محفل ذکر و درس قرآن

بتاریخ 15 جنوری 2009 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ابوظہبی کی طرف سے ہفتہ وار محفل ذکر و درس قرآن کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا آغاز حافظ محمد رمضان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محمد عثمان قادری نے حاصل کی۔ بعد ازاں محمد ارشد نے دورود شریف کا ورد کیا۔ خصوصی خطاب علامہ محمد محسن کھوکھر (قائم مقام ناظم یو اے ای) نے کیا۔ علامہ نے صبر کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جن لوگوں نے بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والی آزمائشوں میں صبر کا دامن نہیں چھوڑا وہ لوگ اللہ کے دوستوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ صبر اختیار کرنے والے گویا خود کو اللہ کی رضا اور منشاء میں استقامت اختیار کرتے ہیں۔

دنیا کے معاملات میں صبر اختیار کرنا اور صابر و شاکر بن کر رب کی رضا چاہنا ہر مسلمان کے لئے فلاح و نجات کا باعث ہے۔ آپ نے واقعہ کربلا بڑے حسین انداز میں بیان کیا۔ امام عالی مقام رضی اللہ تعالی عنہ نے صبر اور شکر کی عظیم اور لازوال داستان رقم کر دی۔

آج صبر بھی امام عالی مقام رضی اللہ تعالی عنہ پر فخر کرتا ہے کہ اپنا سب کچھ قربان کر کے بھی نہ کوئی شکوہ اور نہ شکایت کی بلکہ رب کی رضا اور دین کی سربلندی کے لئے اپنا سر تن سے جدا کروا دیا اور جنت کے جوانوں کے سردار بن گئے جس کا مقام و مرتبہ بڑا ہو اس کا صبر بھی اور آزمائش بھی بڑی ہوتی ہے۔ اس لئے ہم سب کو بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے تاکہ ہم بھی اس رب العزت کے دوستوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں۔ بعد ازان خصوصی ذکر بھی ہوا۔ جبکہ خصوصی دعا علامہ محمد محسن کھوکھر نے کی۔ نقابت کے فرائض عثمان قادری نے ادا کئے۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ابوظہبی کی طرف سے تمام احباب میں حضور شیخ الاسلام کے خطابات کی VCD تقسیم کی گئیں جبکہ امجد علی نقشبندی نے پروگرام کی صدارت فرمائی اور طفیل، سید اعجاز الثقلین، حاجی محمد رفیق اور محمد ریاض نے خصوصی شرکت فرمائی۔

رپورٹ: شاہد حمید گل (ابوظہبی)
مرتب: میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

Top