ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہو جائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں : بلال مصطفوی

مورخہ: 06 مارچ 2010ء

فیصل آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں میلاد النبی (ص)کے جلوسوں پر فائرنگ اورہنگامہ آرائی کی پرزور مذمت کرتے ہیں
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی کی سندھ سے آئے نوجوانوں کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات

استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، اپنے تمام تر اختلافات ختم کر کے پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرے، دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے، ہماری صفوں میں اتحاد دشمن کی موت ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے اندرون سندھ سے آئے نوجوانوں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ سیاستدان ایک دوسرے کا احترام کریں، سیاسی اختلاف ہونا فطری عمل ہے۔ آپس میں نفرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان کی مضبوطی اور عزت کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحثیت قوم آپس میں پیار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے یہی ہماری طاقت ہے اسی کے بل بوتے پر ہم ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہونا چاہیے، اسلام اور پاکستانی قانون بھی کسی کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی اجازت نہیں دیتا۔ بلال مصطفوی نے وفد کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل شائع ہونے والے حالیہ فتوے کے حوالے سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے فیصل آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں پر فائرنگ، ہنگامہ آرائی کی پرزور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ شر پسند عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزادی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، مساوات اور رواداری کا دین ہے ہمیں اسلام اور پیغمبراسلام کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، کسی فردکو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور پسی ہوئی عوام کی خدمت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور عوام مل کر ہر سطح پر جدوجہد کریں۔ انھوں نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے دنیا میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق اسلام کے حقیقی تصور کو اجاگر کیا۔ ملک میں کڑے احتساب کی ضرورت ہے اگر ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہوجائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top