گوجرانوالہ - گوشۂ درود میں سبز پتوں پر معجزۂ نبوی (ص) کا ظہور

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی نے دلوں کو اپنے ترانہ ہائے عشق سے کچھ اس طرح گرمایا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کی تحصیلی تنظیموں کے تحت گلی گلی گوشہ ہائے درود قائم ہو رہے ہیں جہاں صبح شام بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم میں درود و سلام کے نذرانے پیش کئے جاتے ہیں اور عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم سے درو بام مہک رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک گوشہ درود شیخ الاسلام کی ایک پیروکار خاتون نے گلشن کالونی جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں قائم کر رکھا ہے جہاں علاقے بھر کی خواتین باقاعدگی سے جمع ہو کر درود و سلام پڑھ کر پیارے آقا صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کی بارگاہ اقدس میں پیش کرتی ہیں اور اپنی روح کی تسکین کا سامان کرتی ہیں۔

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کے مبارک موقع پر گوشۂ درود کی آرگنائزر نے یکے بعد دیگرے محافل درود اور ضیافت میلاد کا اہتمام کیا۔ درود و سلام کے نغموں کی بہار کچھ ایسی آئی کہ گوشۂ درود میں موجود ایک کھیتی میں اگی ہوئی سبزیوں کے پتوں پر ایک صبح اسمائے مبارکہ کا ظہور ہو گیا۔ اللہ رب العزت کا پیارا نام، اللہ کے پیارے اور محبوب رسول صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کا پیارا نام ’محمد‘ صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم، سیدۂ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا پیارا نام، صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کے الفاظ، محمد مصطفےٰ اور طہٰ اور حٰم اور یٰسین، حکیم، محمد الرسول اللہ اور بسم اللہ کے مبارک اور مقدس الفاظ پتے پتے پر نور افروز ہو گئے۔ کئی پتوں پر تحریر اتنی بھرپور ظاہر ہوئی کہ اسے پڑھنا مشکل ہے مگر اتنا ضرور ہے کہ یہ پر معنی تحریریں ہیں کیونکہ ان تحریروں میں م، ح، د، ط، اور ع ایسے حروف ہیں جو پڑھے جاتے ہیں۔ زیادہ تر تحریریں ’خطِ طغریٰ ‘ میں ظاہر ہوئی ہیں۔ یہ رسم الخط زیادہ خوبصورتی اور تھوڑی جگہ میں زیادہ عبارت لکھنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ پودوں پر موسم مٰن بڑھتی ہوئی حدت کے باوجود مزید پتے آ رہے ہیں اور ان پر بھی اسمائے مبارکہ تحریر ہونے کا عمل جاری ہے۔

جونہی اس معجزۂ نبوت صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کا ظہور ہوا اس کی خبر خوشبو کی طرح ہر کہیں پھیل گئی۔ مساجد میں اعلانات کا سلسلہ شروع ہو گیا اور لوگ جوق در جوق زیارت کے لئے آنے لگے۔ ادھر گوشۂ درود کی آرگنائزر پر کچھ ایسی کیفیت طاری ہو گئی کہ یکے بعد دیگرے محافل درود سجا سجا کر تسکین جاں کا سامان کرنے لگیں، گوشۂ درود میں ہر لمحہ خواتین کا ہجوم موجود رہنے لگا جو نغمۂ درود پڑھ پڑھ کر اپنی پلکوں پر سجاتیں اور پیارے آقا صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کے گجرے پیش کرتی ہیں۔

گوشۂ درود کی آرگنائزر محترمہ مسز عبد العزیز صاحبہ سے جب تاثرات پوچھے گئے تو وہ آنسؤوں کے برسات میں نغمۂ درود کے سوا اپنی زبان سے کچھ ادا نہ کر سکیں اور رسول رحمت صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کی امت اور پاکستانی قوم کی نجات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے لئے صحت کاملہ اور درازی عمر کی دعائیں کرتی رہیں۔

یہ گوشۂ درود مرکزی تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ ریسرچ جناب شیخ عبدالعزیز دباغ کے گھر میں قائم ہے۔ گوشۂ درود میں ماہ میلاد میں اس معجزۂ نبوت صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کا ظہور یقیناً شیخ الاسلام کی قرآنی فکر اور تعلیمات خصوصاً عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم ایمان کی بنیاد ہونے کے اصل عقیدہ ہونے کی حقانیت کا بین ثبوت ہے۔ اس سے قبل بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کے موقع پر عالمی میلاد کانفرنس کے دوران جب شیخ الاسلام اسم ’محمد‘ صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم کے فیوضات بیان فرما رہے تھے تو اسم پاک ’محمد‘ چاند کے اردگرد بادلوں کی شکل میں تحریر ہو گیا تھا جسے ساری دنیا نے دیکھا۔ مولای صل وسلم دائماً ابداً  ۔ ۔ ۔ ۔ علیٰ حبیبک خیر الخلق کلہم

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top