منہاج القرآن بارسلونا سپین کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی شدید مذمت

مورخہ: 28 مئی 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین میں مورخہ 28 مئی 2010 کو اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انٹرنیٹ پر سماجی روابط کی ویب سائٹ پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ منہاج القرآن کے امیر عبدالرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین اور دیگر شرکاء اجلاس نے فیس بک اور دیگر بڑی ویب سائٹس پر خاکوں کی اشاعت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

صدر منہاج القرآن بارسلونا حاجی مظہر حسین نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان خاکوں کی اشاعت مسلمانوں کے خلاف سازش ہے اور یہ ایسے انتہاء پسند عناصر کی کارروائی ہے جو دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ ہفتے پاکستان میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد حکومت پاکستان کی طرف سے ایسی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے دیگر اسلامی ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ممالک میں بھی ایسے مواد کی حامل ویب سائٹس کو فوری بند کر دیں۔

اجلاس کے بعد منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری نے نظامت نشرواشاعت سے اپنی گفتگو میں کہا کہ مغرب کے انتہاء پسند جہلاء، اسلام اور مغرب کے درمیان کسی بھی سطح کے تعلقات کو پسند نہیں کرتے اور مغرب میں حاصل شدہ آزادی اظہار کا گھناؤنا استعمال کرتے ہوئے ہمیشہ مسلمانوں کی دل آزاری کرتے ہیں۔ ان آزادی اظہار کے دعویداروں سے جب کوئی ہولوکاسٹ کے بارے میں اظہار خیال کرنے کا کہتا ہے توان کی جان جاتی ہے۔ اس بیمار ذہنیت کا مقابلہ بندوق سے نہیں دلیل اور مکالمے سے ہی ممکن ہے، آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے فرمان کے مطابق (میں سارے جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجاگیا ہوں) مغرب کے لوگ بھی اسی طرح آپ کے امتی ہیں جس طرح دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے میں رہنے والے۔

منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر نے بتایا کہ جلد ہی منہاج القرآن بارسلونا کے زیراہتمام مقامی کمیونٹی کو حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے بارے میں اپنے احساسات پہنچانے کے لئے سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا اور حکام بالا سے درخواست کی جائے گی کہ ایسے گھناؤنے فعل کو روکنے کے لئے قانون سازی کی جائے۔

رپورٹ: (نوید احمد اندلسی)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top