پارلیمنٹ ناکام ہو چکی اور یہ سب سے بڑی مجرم ہے، پارلیمنٹ مفادات کی قیدی بن کر سو رہی ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں نیشنل کمیشن تشکیل دیا جائے
میڈیا کرپشن کو تحفظ دینے والے نظام کے خلاف بھی آواز بلند کرے
افسوس دہشت گردوں کو شرعی تحفظ دینے والے علماء کی بھی کمی نہیں
پارلیمنٹ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 14 دن کا سیشن بلائے
تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتامی اجلاس سے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ٹیلی فونک خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ناکام ہو چکی اور یہ سب سے بڑی مجرم ہے۔ میڈیا پارلیمنٹ کا کردار ادا کر کے قوم کو رہنمائی دے رہا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں نیشنل کمیشن بنایا جائے۔ میڈیا اس نظام کے خلاف بھی آواز بلند کر ے جس نے کرپشن کو تحفظ دے رکھا ہے، افسوس دہشت گردوں کو شرعی تحفظ فراہم کرنے والے علماء کی بھی کمی نہیں ہے۔ میڈیا دہشت گردوں کو تحفظ دینے والوں کو بھی بے نقاب کرے۔ پارلیمنٹ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 14 دن کا سیشن بلائے۔ سب کو معلوم ہے کہ دہشت گردی کی فکری آبیاری کہاں سے ہو رہی ہے ان کی نرسریاں کون چلا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک سے تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتامی اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر تحریک فیض الرحمان درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق عباسی، شیخ زاہد فیاض، احمد نوا زانجم، راجہ جمیل اجمل، رانا فاروق، رانا محمد ادریس، ساجد بھٹی، جواد حامد، قاضی فیض اور دیگر مرکزی اور صوبائی عہدیداران اور ملک بھر سے آئے ہوئے ضلعی و تحصیلی عہدیداران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے بیٹھے ہیں۔ میڈیا سیاستدان کا گریبان پکڑے۔ بتایا جائے کہ اسلحہ کہاں سے کس کے ذریعے پنجاب میں پہنچ رہا ہے۔ پکڑے گئے پچاسوں دہشت گردوں سے کی گئی تفتیش کا کیا ہوا؟ کون سے نادیدہ ہاتھ ہیں جو سامنے نہیں آنے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ایم این ایز، ایم پی ایز کو علم ہے کہ انکے حلقے میں کون دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے مگر انہوں نے مجرمانہ چپ سادھ رکھی ہے اور اسمبلیوں میں گونگے بن کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مفادات کا قیدی بن کر سو رہی ہے اور ملک کو صومالیہ، ایتھوپیا، اور افغانستان بنایا جا رہا ہے۔ سیاست دانوں نے سیاسی اور ذاتی مفادات کی خاطر پوری قوم کو لقمہ اجل بنا دیا ہے۔ دہشت گردی کا مسئلہ کبھی پارلیمنٹ میں ڈسکس نہیں ہوا، دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا گیا، مزارات، مارکیٹیں، سرکاری ادارے، سکول تک دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان کرپشن کا بازار گرم کرتے ہیں تو فوجی آمر آ جاتا ہے۔ جنرل مشرف نے 9 سالوں میں ملک کی سالمیت، خود مختاری اور قومی غیرت کا سودا کر کے اسے کالونی بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں جب قوم گھروں سے باہر نکل آئے اور پھر کچھ نہیں بچے گا۔

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس شوریٰ میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قراداد

  1. سانحہ داتا صاحب پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے اسکی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے اسکا ذمہ دار مرکزی اور صوبائی حکومت کو قرار دیا گیا۔
  2. مزارات پر حملے کرنے والے انسان نہیں درندے ہیں، انہیں کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔
  3. قومی کانفرنس کا انعقاد اس وقت تک بے نتیجہ ہو گا جب تک مرکزی اور صوبائی حکومتیں اپنے دہرے معیار سے تائب ہو کر دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نبٹنے کا عزم نہیں کرتیں۔
  4. شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے تاریخی فتویٰ میں دہشت گردوں کو خوارج قرار دے کر مرکز اور صوبائی حکومتوں کو مکمل رہنمائی دے دی ہے۔ حکومت فتویٰ سے مدد لے تو دہشت گردی جڑ سے ختم ہو سکتی ہے۔
  5. گستاخانہ خاکوں کی ویب سائٹس پر ریلیز کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے عالمی ضابطوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور سائبر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کے حکمران ٹھوس پالیسی بنائیں۔
  6. غزہ پر اسرائیلی بربریت، محاصرے اور امدادی بیڑے پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور عالمی طاقتوں اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کریں۔
  7. ملک میں بڑھتی ہوئی خودکشیوں کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا گیا۔ حکومتی بے حسی کی مذمت کی گئی جس کے باعث وہ اب تک عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔
  8. بڑھتی ہوئی ہوشرباء مہنگائی اور آئی ایم ایف کے ایماء پر بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالا ہے جبکہ چین اور ایران 300 روپے فی گھر بجلی دینے کو تیار ہیں۔
  9. مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے کر قیمتوں کو نیچے لائے اور 5 سال کیلئے قیمتوں کو منجمد کر دے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top