تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام پانچواں تربیتی کنونشن

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام حماد اکیڈمی میں پانچواں تربیتی کنونشن منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن رانا محمد ادریس قادری اور حلقہ ہائے درود و فکر پاکستان کے ناظم علامہ محمد لطیف مدنی تھے۔ کنونشن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری اسماعیل مہر آبادی ناظم تربیت نے حاصل کی جبکہ ناظم حلقہ ہائے درود قاری عبدالقیوم غوری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ ناظم تحریک منہاج القرآن رانا محمد ظاہر نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

اس موقع پر علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کارکنان تحریک منہاج القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کی زندگی میں محض بڑے بڑے اجتماعات کر لینا کامیابی نہیں بلکہ انفرادی تربیت کے بغیر تحریکی مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے۔ شخصی رابطہ تحریکی زندگی میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ لہذا کارکنان کو چاہیے کہ وہ آپس میں رابطہ رکھیں۔

انہوں نے دعوت بذریعہ کیسٹ کی حکمت عملی کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سن کر تحریک منہاج القرآن میں شامل ہوئے، اسی طرح اگر ہم چاہتے ہیں کہ اور لوگ بھی مشن میں شامل ہوں تو ہمیں شیخ الاسلام کے پیغام کو ہر ہر پاکستانی تک پہنچانا ہوگا۔ جماعت اور تحریک میں فرق صرف قیادت کا ہوتا ہے۔ اس لیے اپنی قیادت کی سی ڈیز کو عوام الناس تک پہنچایا جائے۔

اس کنونشن میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کے علاوہ یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں جبکہ راو محمد اسحاق، چودھری عبدالغفار سنبل، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، حاجی عبدالعزیز بھٹی، رانا اشرف علی نے خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کاخطاب بعنوان دعوت بذریعہ کیسٹ کارکنان کو سنوایا گیا۔ آخر پر صدر تحریک منہاج القرآن لودھراں ملک اسلم حماد نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ کنونشن کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top