امام عالی مقام کی تعلیمات سچائی اور حقیقت پر مبنی ہیں : مہناز رفیع

کربلا میں خواتین کا کردار ایسا ہے کہ انسانی عقل حیران رہ جاتی ہے : ڈاکٹر حسن عسکری
علماء و مشائخ فرقہ واریت سے امت کو بچانے کیلئے عملی جدوجہد کریں : مسکین فیض الرحمن درانی
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیمینار "احیائے اسلام میں خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کردار"سے
مقررین کا خطاب

سیدہ کائنات اور ان کے لال حضرت امام عالی مقام حضرت امام حسین کی ذات کا قربت رسول اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے کوئی ثانی نہیں۔ آج کے دور پرفتن میں فرقہ واریت سے بچنے کیلئے آئمہ اہلبیت سے فیض یاب ہو ناہوگا۔ فقر محمدی کی وارث سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہراہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت سلطان باہو کے سجادہ نشین پیر سلطان فیاض الحسن نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار بعنوان احیائے اسلام میں خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کردار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر مسکین فیض الرحمن درانی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ احیائے اسلام کیلئے خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے مثال قربانیاں امت پر اہل بیت کا عظیم احسان ہے۔ آمریت کے خلاف جدوجہد خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کا نمایاں پہلو ہے۔ گمراہی کے خلاف مزاحمت کربلا کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا نے انسانیت کو جو شعور عطا کیا وہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ علماء و مشائخ فرقہ واریت سے امت کو بچانے کیلئے عملی جدو جہد کریں۔

مسلم لیگ (ق) کی مرکزی رہنماء مہناز رفیع نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام تلوار سے نہیں بلکہ پیار سے پھیلا ہے۔ ہمیں عالم اسلام میں پاکستان کو رول ماڈل کی شکل میں پیش کرنا ہو گا اور اس کیلئے کردار حسین اپنانا ہو گا کیونکہ امام عالی مقام کی تعلیمات سچائی اور حقیقت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی، سیاسی، معاشی تمام معاملات میں مساوات کا نظام ہو نا چاہیے تا کہ مرد اور عورت میں تفریق ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام کی حقیقی شکل پیش کرتے ہیں اور انتہا پسندی کی طرف نہیں جاتے آج ضرورت بھی ایسے اکابرین اور تحریکوں کی ہے۔

سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے دانشور ڈاکٹر پروفیسر حسن عسکری نے کہا کہ کربلا میں خواتین کا کردار ایسا ہے کہ انسانی عقل حیران رہ جاتی ہے اور یہ سب اس لئے ہے کہ حضرت زینب اور دیگر عظیم خواتین نے آغوش فاطمہ الزہراہ رضی اللہ عنہا میں تربیت پائی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی خواتین کو کردار سیدہ زینب کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے تا کہ عصر حاضر کے مسائل سے چھٹکارا پایا جا سکے یقینا کربلا والوں نے بڑے مقصد کیلئے قربانیاں دیں۔

پیر جمیل الرحمان چشتی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تمام عالم کے مسلمانوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، عشق صحابہ و اہلبیت کی محبت کے چراغ روشن کئے ہیں اورہمیشہ حق کا ساتھ دیا۔ اہلبیت سے محبت ہمارے عقیدے کا جزو ہے جس کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو تا۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ امام عالی مقام نے انبیاء کی سنت پر عمل کرتے ہوئے مدینہ جیسے عظیم شہر سے ہجرت فرمائی، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دین بچانے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کربلا میں آزمائشوں کی انتہا ہوئی لیکن انہوں نے اپنے نانا کی تربیت کی لاج رکھی۔

امامیہ آرگنائزیشن کی مرکزی رہنماء لبنی زیدی نے کہا کہ امام عالی مقام کا گھر سے نکلنا بتاتا ہے کہ ان کا مقصد کسی حکومت یا اقتدار کا حصول نہ تھا وہ تو دلوں کے حکمران تھے اور صرف اپنے نانا کے دین کو بچانے نکلے تھے۔

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا احیائے اسلام ایک منزل ہے اور ہر مسافر کو کربلا سے گزر کر جانا ہے اور کامیابی کیلئے خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے شرکاء سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی سیدہ زینب کا کردار اپنانے میں ہی ہماری بقاء ہے۔ سیدہ زینب وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے امت تک فلسفہ شہادت اور قربانیوں کی داستان پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ سیدہ زینب کے اسوہ مبارکہ کی امین ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top