منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 26 شادیوں کی اجتماعی تقریب اتوار کو ہوگی

تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
ڈائریکٹر MWF افتخار بخاری کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 24 اپریل کو ہوگی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اس سال بھی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں 26غریب اور بے سہارا بچیو ں کی شادیاں ہوں گی۔ یہ پُروقار تقریب منہاج یونیورسٹی گراؤنڈ ہمدرد چوک ٹاؤن شپ لاہور میں دن 11 بجے منعقد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار بخاری نے ماڈل ٹاؤن میں میاں طاہر یعقوب اور میاں زاہد الاسلام کے ہمراہ شادیوں کی اجتماعی تقریب اور انتظامات کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تقریب کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ہر سال مرکزی سطح پر اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں ہر بچی کو سوا لاکھ روپے مالیت کے سامان کا گفٹ دیا جاتا ہے اور دولہا دلہن کے 50 مہمانوں کو کھانا بھی دیا جاتا ہے، اس طرح تقریباً 1800 افراد کے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ ہر جوڑے کا نکاح الگ الگ ہوتا ہے اور اس کیلئے منہاج القرآن علماء کونسل کے علمائے کرام کی خدمات لی جاتی ہیں۔

افتخار شاہ بخاری نے مزید بتایا کہ 24 اپریل کو ہونے والی اس تقریب کی صدارت تحریک کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی کریں گے جبکہ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ڈاکٹر عابد عزیز کے علاوہ دیگر کئی وفاقی و صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے ۔ شادیوں کی اس تقریب میں دو کرسچن جوڑے بھی شامل ہیں۔ جن کے نکاح کیلئے پادری پنڈال میں موجود ہوں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top