انتظامی حوالے سے بہتری لانے کے لیے نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

صوبائی سطح پر سپریم کورٹ اور ضلعی سطح پر ہائیکورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے
بدترین لوڈشیڈنگ قابل مذمت ہے، عوام سے سانس لینے کا اختیار بھی چھینا جارہا ہے

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ انتظامی حوالے سے بہتری لانے کے لیے نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں مگر ان کا قیام لسانی بنیادوں پر ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز سندھ سے آئے ہوئے وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے ضرور بننے چاہیے اس سے عوام کو سہولت میسر آئے گی۔

صوبائی سطح پر سپریم کورٹ اور وفاق میں ایک فیڈرل کورٹ ہونی چاہیے۔ ضلعی سطح پر ہائیکورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں آسانی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو چاہیے کہ باہم دست و گریبان رہنے کی پالیسی کو ترک کرکے اس حوالے سے قانون سازی کے عمل کی طرف بڑھیں۔ ڈاکٹر عباسی نے ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے سانس لینے کا اختیار بھی چھینا جارہا ہے۔

گرمی کے موسم میں ہونے والی لوڈشیڈنگ عوام کو مارنے کے مترادف ہے۔ حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کررہی۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو ان کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبان پر ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top