مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام ڈیفنس لاہور میں تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورس

مورخہ: 06 مئی 2011ء

مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام ملک بھر میں جاری ہیں، اسی سلسلے میں ڈیفنس Yبلاک 194 لاہور میں عرفان القرآن کورس کا انعقاد کیا گیا، جس کی اختتامی تقریب تقسیم اسناد مورخہ 6 مئی 2011ء کو منعقد ہوئی۔ تقریب میں امیر تحریک محمد ارشاد طاہر اور ڈائریکٹر عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس پر وقار تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد سلیم نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محمد حیدر نے حاصل کی۔ اس کے بعد محمد کامران نے تمام مہمانوں کے لیے کلمات تشکر کہے اور تحریک منہاج القرآن کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

امیر لاہور تحریک منہاج القرآن محمد ارشاد طاہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن غلبہ دین حق کی بحالی، احیاء دین اور احیاء قرآن کی تحریک ہے۔ قرآن محض کتاب ثواب نہیں ہے، بلکہ کتاب انقلاب ہے۔ جو زندگی کے تمام پہلوؤں کی راہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے قرآنی فکر کو سمجھنے کی ترغیب دی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اس حوالے سے خدمات کا بڑے جامع انداز سے تعارف کرایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے معلم کلاس اور ڈائریکٹر عرفان القرآن کورسز کو کامیاب کلاس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ بعد ازاں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معلم کلاس قاری محمد سلیم نے طلباء کو قرآن مجید سے جوڑے رہنے کی تاکید کی اور مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام ہونے والے عرفان القرآن کورسز کے مقاصد بیان کیے۔

آخر میں ڈائریکٹر عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی عرفان القرآن کورسز کو مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ اب تک سینکڑوں کلاسز مکمل ہو چکی ہے اور پاکستان بھر میں اس کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کامیاب کلاس کے انعقاد پر معلم کلاس قاری محمد سلیم کو مبارک باد پیش کی اور قرآن مجید کا پیغام عام کرنے، قرآن مجید کو سمجھنے کے لیے عربی گرائمر سیکھنے اور تجوید کے میدان میں عرفان القرآن کورس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

آخر میں تمام شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top