پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی کی جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے کارکنوں کے وفد سے گفتگو

مورخہ: 18 جون 2011ء

کتنے دکھ کی بات ہے کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی اورغریبوں کی قسمت بدلنے کے دعوے کرنے والی سیاسی جماعت کو اقتدار میں آئے تقریباً ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن غریب کی حالت اتنی پتلی ہو چکی ہے کہ اس کیلئے جسم اور سانس کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ کرپشن غربت میں بے تحاشہ اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔ حکمرانوں کے بے تحاشا اخراجات، بیورو کریسی کی عیاشیاں اور اختیارات کا ناجائز استعمال بھی قومی خزانے پر سخت بوجھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی نے جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو رقم عوام کی جان و مال کے تحفظ، صحت، علم اور دیگر سہولیات زندگی کیلئے خرچ ہونا چاہیے وہ حکمرانوں اور بیورو کریسی کے ناز نخروں پر خرچ ہو رہی ہے۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ بے روزگاری میں اضافہ، بجلی کا بحران، معیشت کی بربادی اور اقتصادی صورتحال کی زبوں حالی بھی غربت اور افلاس کا باعث ہے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ حکمرانوں کی غفلت، نااہلی اور عدم توجہی نے تو پاکستان کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں اور ان حالات سے نمٹنے کیلئے عوام تن تنہا سینہ سپر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ ظالمانہ نظام سے نجات کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی تبھی لٹیروں سے جان چھوٹ سکتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top