منفی سیاسی رویے ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے زہر قاتل ہیں : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے
کراچی کی رونقیں بحال کرنے کیلئے حکومت کو سخت سے سخت فیصلے کرنا ہونگے
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی تحریک کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک سے ٹیلی فونک گفتگو

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں درندے ہیں اور ان کے سینے میں دل نہیں پتھر ہیں۔ حکومت کراچی کے امن کو بحال کرنے کیلئے سیاسی مصلحتوں سے تائب ہو کر ٹھوس اقدامات کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ کراچی کا امن بحال نہ ہو سکے۔ کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ وہ گذشتہ روز تحریک کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک سے بیرون ملک سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے تسلسل نے ملکی معیشت کی بنیادیں ہلا دی ہیں اور ملکی تشخص بیرونی دنیا میں بری طر ح مجروح ہوا ہے، تارکین وطن ملکی حالات پر دل گرفتہ ہیں۔ کراچی کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھانے والے قومی مجرم ہیں۔ ایسے منفی سیاسی رویے ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے زہر قاتل ہیں اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔گھر کو آگ لگانے والے ملک و قوم کے مخلص نہیں ہو سکتے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر کی کالی بھڑوں کو بے نقاب کر کے کیفردار تک پہنچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کیلئے حکومت کو سخت سے سخت فیصلے کرنا ہونگے اور آ ہنی ہاتھوں سے مصلحت کے دستانے اتارنا ہونگے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ صوبائیت اور لسانیت کی بنیاد پر ہونیوالے فیصلے مثبت نتائج پیدا نہیں کرتے۔ کراچی وطن عزیز کا اہم ترین حصہ ہے اس لئے وہاں قیام امن کیلئے سیاسی جماعتوں سمیت اداروں اور عوام کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top