عوام کو بیوقوف بنانے کا نام سیاست رہ گیا ہے: فیض الرحمن درانی

افسوس سیاسی جماعتوں نے منشور کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے
سیاسی شعبدہ بازی کو ملک و قوم کا مفاد قرار دینے والوں کو عوام اور ملک سے کوئی دلچسپی نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی کی لیہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ افسوس سیاسی جماعتوں نے منشور کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے، اب عوام کو بیوقوف بنانے کا نام سیاست رہ گیا ہے۔ حکومتی عہدوں سے دستبرداری اور پھر قبول کر لینے کی روش ہمارے سیاسی کلچر کی وہ گھناؤنی تصویر ہے جسمیں عوام کے حقوق کہیں دکھائی نہیں دیتے۔ موجودہ پارلیمنٹ جس نظام کی پیداوار ہے اسے جڑوں سمیت اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا تا کہ عوام کے حقیقی نمائندے اسمبلی میں پہنچ سکیں۔ سیاسی جوڑ توڑ پارٹی اور ذاتی مفادات کیلئے عروج پر ہیں ملکی مفاد اور عوامی حقوق کی کسی کو پرواہ نہیں ہے ایسے رویے صرف پاکستان کی سیاست کا خاصہ ہیں، جس کے باعث ملک اخلاقی، سماجی، معاشی و سیاسی بحران کا شکار ہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لیہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے ہونے والی سیاسی شعبدہ بازی کو ملک و قوم کا مفاد قرار دینے والوں کو عوام اور ملک سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ پاکستان کا نام نہاد انتخابی نظام سیاست پر قابض چند خاندانوں کو عوام کے حقوق کے ساتھ کھیلنے کی کھلی چھٹی دیتا ہے اس لئے عوام کو اسکے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت اگلے 100 سال میں بھی عوام کیلئے کوئی مثبت تبدیلی نہ آسکے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Top