منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیر اہتمام معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

مورخہ: 26 جون 2011ء

منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام مورخہ 26 جون 2011ء بروز اتوار کو عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کوپن ہیگن کے مختلف علاقوں سے خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی سے کیا گیاجس کی سعادت منہاج یوتھ لیگ کی سسٹر حافظہ نرگس ظہور احمد نے حاصل کی۔ فروا اور نیلم حسین نے خالق کائنات کے حضور حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ اس کے بعد مقصود کائنات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس میں زہرا ساجد، کوکب اپل، رخسانہ افضل، مسرت جبیں، منہاج سسٹر لیگ اور منہاج ویمن لیگ نے گروپ کی صور ت میں حصہ لیا۔ کومل حسین نے واقعہ معراج پر ڈینش زبان میں تقریر کی اور معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج ویمن لیگ کی نائب جنرل سیکرٹری مسرت ظہور نے احسن انداز میں ادا کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے امیر اور معروف عالم دین علامہ عبدالستار سراج نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ عالم میں واقعہ معراج انتہائی خصوصیت کا حامل ہے یہ ایک ایسا عظیم واقعہ ہے جس پر ایمان اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار مسلمان بجا طور پر فخر کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم المرتبت محبوب خدا کی امت ہیں کہ جنہیں رب کائنات نے حالت شعور میں زمینوں اور آسمانوں کی سیر کرائی جبکہ اس واقعہ کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنے والے آج تک شش وپنج میں گرفتار ہوکراس عظیم واقعہ کی گھتیاں سلجھانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں مگر حقیقت یہی ہے کہ معجزات وہی ہوتے ہیں جو عقل سے بالاتر ہوں۔

منہاج ویمن لیگ کی صدر نفیس فاطمہ نے کوئز کی صورت میں سوالات کئے۔ پروگرام کے آخری حصہ میں منہاج ویمن لیگ اور سسٹر لیگ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں سلام پیش کیا اور ناہید سراج نے اختتامی دعا کرائی۔ منہاج ویمن لیگ کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ کاسٹال لگایا گیا جس میں خواتین نے دلچسپی کااظہار کیا اور کتب و کیسٹ کی خریداری کی۔ پروگرام کے اختتام پرحاضرین کی شاندار ضیافت سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: شبانہ احمد

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top