منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نے بارسلونا کے نواحی علاقہ اوسپتالیت میں مسجد کے لئے جگہ حاصل کر لی

مورخہ: 01 اگست 2011ء

بارسلونا (نوید احمد اندلسی) منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نے بارسلونا، لوگرونیو اور بادالونا کے بعد اوسپتالیت میں بھی مسجد بنانے کے لئے جگہ حاصل کر لی ہے۔ یہ جگہ 380 مربع میٹر پر مشتمل ہے اور میٹرو لائن 5 کے سٹاپ Collblanc کے بالکل قریب واقع ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ممبران مجلس شوریٰ و ایگزیکٹو ممبران اور تمام عہدیداران نے محمد اقبال چودھری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین) اور حاجی زاہد اختر زاہدی (کوآرڈینیٹر اوسپتالیت) کو اس عظیم کارنامے پر مبارکباد پیش کی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عربی (مراکشی و الجزائری) مسلمانوں کے علاوہ اوسپتالیت میں 3000 سے زائد پاکستانی آباد ہیں جن میں فیملیز کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے لیکن اب تک وہاں کوئی مسجد یا اسلامی مرکز موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کو کافی عرصہ سے اوسپتالیت میں رہنے والے منہاج القرآن کے ممبران اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اس بات کی درخواست موصول ہوتی رہی کہ وہاں منہاج القرآن اپنا سنٹر (مرکز) قائم کرے۔ منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری اور کوآرڈینیٹر اوسپتالیت حاجی زاہد اختر زاہدی کے مطابق مسجد کا تعمیراتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا جس کی تکمیل کے بعد وہاں منہاج القرآن کے دیگر مراکز کی طرح نماز پنجگانہ کے ساتھ ساتھ بچوں، نوجوانوں اور خواتین کی تعلیم و تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے گا اور اسلامی کتب پر مبنی لائبریری بھی قائم کی جائے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top