نظامت شماریات/ ممبرشپ

تحریک منہاج القرآن جن عناصر اربعہ (رجوع الی اللہ، ربطِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، رجوع الی القرآن، اتحاد امت اور مصطفوی انقلاب) کی دعوت لے کر اٹھی، ان میں اتنی کشش تھی کہ جہاں جہاں تحریک کا پیغام جس جس طریقہ سے بھی پہنچا، مخلوق خدا کشاں کشاں کھنچی چلی آئی، قائد انقلاب کی ذاتی تشریف آوری ہو یا ان کے نمائندوں کا آنا یا ان کی کسی کیسٹ کتاب کا پہنچنا۔ جس جس کان میں یہ نعرہ مستانہ پہنچا، ہر اس شخص نے اس دعوت پر لبیّک کہا جو امت مسلمہ کا درد اپنے دل میں سموئے ہوئے ہے۔ دروس قرآن اور منہاج القرآن کانفرنسز نے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کے ماحول کو خدا آشنا کر دیا۔جب تحریک کا پیغام ہوا کے دوش پر پھیلا تو لاکھوں بندگان خدا نے تحریک کے ممبر بنتے ہوئے اس کی رفاقت کا اعزاز حاصل کیا۔

رفیق کون؟ آیت قرآنی کا مفہوم

تحریک منہاج القرآن کا ممبر بننے والا ”رفیق“ کہلاتا ہے۔ قائد تحریک پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لفظِ ”رفیق“ کی اصطلاح قرآن پاک کی آیت مبارکہ ”حَسُنَ اُولٰئِکَ رَفِیقًا“ (یہی وہ لوگ ہیں جو (اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے) بہت اچھے ساتھی ہیں) سے مستنبط کی ہے۔ یعنی وہ افراد جو تجدید دین اور احیائے اسلام کےلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جہد مسلسل کرتے ہیں، اصل میں وہی لوگ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بہترین ساتھی ہیں۔

گویا رفیق بننا صرف فارم پُر کرکے ممبر بن جانا نہیں ہے بلکہ یہ دنیا و آخرت کی سعادتوں کا امین بننے کے مترادف ہے، اللہ کا پسندیدہ بندہ اور رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بہترین امتی بننا ہے۔

رفاقت ۔۔۔روحانی بیعت اور چشمہ غوثیت مآب سے فیض یابی کا نام

تحریک منہاج القرآن کی رفاقت کا فارم پُر کرنے والا اپنے کوائف لکھ کر عہدنامہ رفاقت پر درج آیت ”ان الصلوٰتی و نسکی و محيای و مماتی لله رب العالمين“ پڑھنے کے بعد دستخط ثبت کرتا ہے تو وہ صرف ایک فارم نہیں پر کرتا بلکہ ایک مضبوط روحانی حصار میں محفوظ ہو جاتا ہے اور ایک روحانی بیعت سے مستفیض ہوتا ہے۔ یہ وہ بیعت ہے جو رفیق بننے والے کی کسی بھی شخص کے پہلے سے موجود سلسلہ نسبت و بیعت پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالتی بلکہ اسے مضوط تر کرتی ہے اور اگر اس رفیق کے شیخِ طریقت بھی تحریک کے روحانی سرپرست حضور قدوۃ الاولیاء پیر سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی البغدادی ہوں تو ہر دو جانب سے فیض کے چشمے پھوٹ پڑتے ہیں۔ حضور قدوۃ الاولیاءکا یہ فرمان "ہر کسے باشد جو ادارہ منہاج القرآن کی مخالفت کرتا ہے وہ خود کو سلسلہ قادریہ پر نہ سمجھے“ اصل میں تحریک منہاج القرآن کے فیضان غوثیّت مآب سے سیرابی اور ساقی گری کا آئینہ دار ہے۔

رفاقت ایک بیعتِ انقلاب

تحریک منہاج القرآن چونکہ معاشرہ کو مصطفوی انقلاب سے ہمکنار کرنا چاہتی ہے لہٰذا اس کی رفاقت حاصل کرکے اس کا کارکن بننا اپنے قائد کے ہاتھ پر بیعت انقلاب کرنا ہے جیسا کہ قائد انقلاب نے یہ مشن شروع کرنے سے بہت قبل اپنے زمانہ طالب علمی میں جب احیاء اسلام اور غلبہ دینِ حق کی بحالی کو اپنا مقصدِ حیات ٹھہرایا تو اپنے شیخِ طریقت کو اس کا باقاعدہ گواہ بناتے ہوئے ان کے دست حق پرست پر باقاعدہ بیعتِ انقلاب کی اور یہ بیعت ان کی سلسلہ قادریہ پر بیعت کے علادہ تھی جو انہوں نے حضور پیر صاحب کے دست اقدس پر کی۔

رفاقت کے معاشرتی اثرات

تحریک کے معاشرتی اثرات کا جائزہ لینا ہو تو اپنے آپ کو پچیس سال قبل کے ماحول میں لے جائیے جب سرکاری سرپرستی میں بدعقیدگی کے طوفان کروٹیں لے رہے تھے۔ اس دور میں تحریک منہاج القرآن نے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بھولا ہوا سبق امت مسلمہ کو بالعموم اور ملتِ پاکستان کو بالخصوص دیا اور جوق در جوق تحریک کی رفاقت اختیار کرنے والے اہل وطن اس طوفان کے سامنے سینہ سپر ہوتے چلے گئے۔ تقریباً ہر اس گھر میں جہاں بد عقیدگی سر اٹھا رہی تھی وہاں تحریک منہاج القرآن کا نغمہ مصطفوی الاپتا ہوا گلاب بھی نمو پانے لگا اور ہر روح کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و عشق میں سرشار کر دیا۔روحانی شب بیداریوں اور محافل ذکر و نعت سے حقیقی معنوں میں اس قوم کو آشنا کرانے کا سہرا تحریک منہاج القرآن ہی کے سر ہے۔ تحریک کے رفقاء و اراکین جوق درجوق قافلہ درقافلہ ان محافل میں نہ صرف خود شریک ہوتے ہیں بلکہ اپنے ساتھ اپنے اعزاء و اقارب اور دوست احباب کو بھی لاتے ہیں جو اس روحانی ماحول کے سحر کے زیرِاثر تحریک کی رفاقت اختیار کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔

رفاقت۔۔۔ روحانی فیوضات اور دنیاوی برکتیں

تحریک منہاج القرآن سے فیض یاب ہونے والے رفقاء اپنے اپنے سلسلہ نسبتِ طریقت سے فیض یاب ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک کے چشمہ فیض سے بھی سیراب ہونے لگے۔ بھٹکے ہوئے قد م جب مساجد کی جانب اٹھنے لگے اور خوابِ خرگوش کے مزے چھوڑ کر جب جبینیں سجدوں کی حلاوت چکھنے لگیں اور صنم آشنا دل کرم آشنا ہونے لگے تو کھلی آنکھوں نے دیکھا کہ روحانی فیض کے ساتھ ساتھ انھیں دنیاوی برکتیں بھی حاصل ہونے لگیں۔

مؤاخات اسلامی کی جانب پہلا قدم

تحریک منہاج القرآن کی رفاقت صرف نام ہی کی حد تک محدود نہیں رہتی بلکہ تمام رفقاء نام و نمود، ذات برادری اور قومیّت و علاقائیّت سے بلند ہو کر مواخات اسلامی کے جذبے سے سرشار ہو کر آپس میں اس طرح بھائی بھائی بن گئے کہ اب سینکڑوں ہزاروں خاندان باہمی رشتوں میں منسلک ہو چکے ہیں اور ذات مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فیضان سے براہ راست بہرہ ور ہو رہے ہیں۔

نظامت شماریات کی تشکیل

نظامت شماریات تحریک منہاج القرآن کی نو تشکیل شدہ نظامت ہے، جس کی تشکیل مورخہ 16مئی 2005ء کو قائد انقلاب کی خصوصی ہدایت پر عمل میں آئی۔ اس نظامت کے ذمہ تحریک کی نظامتوں اور شعبہ جات کا اعداد و شمار پر مبنی Data اکٹھا کرنا اور اس Data کو مرکزی Database software کے ذریعے Manage کرنا ہے۔ نظامت شماریات اس امر کو یقینی بنائے گی کہ تحریک کے قیام سے لے کر تاحال صحیح اعداد و شمار اکٹھے کئیے جائیں جن سے یہ واضح ہو کہ تحریک منہاج القرآن کے مشن کا آغاز کن خطوط پر ہوا اور تحریک کن کن تدریجی مراحل سے گذر کر موجودہ مقام تک پہنچی ہے؟ تاکہ آنے والی نسلوں کےلئے accurate figures پر مبنی Data ہمیشہ کےلئے محفوظ کیا جاسکے۔

تحریکی Data کی ہمیشہ کےلئے Preservation کے علاوہ نظامت شماریات تحریک کی مختلف نظامتوں اور شعبہ جات سے حاصل کردہ Statistics سے مختلف تجزیاتی رپورٹس تیار کرے گی۔ ان رپورٹس کی بنیاد پر تحریک کی آئندہ Planing Base کرے گی۔ Planing کے نفاذ اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج کو Monitor کرتے ہوئے نئے Statistics لے کر نظامت شماریات Data Management کا کام جاری رکھے گی۔

نظامت شماریات کی تشکیل کے وقت اس کے پہلے ناظم کے طور پر محترم نجم الثاقب کی تعیناتی عمل میں آئی جبکہ راقم الحروف کو اس کا پہلا سینئر نائب ناظم مقرر کیا گیا۔ نظامت شماریات کے دیگر اراکین میں محترم سجاد العزیز، محترم محمد ذیشان، محترم حافظ عبدالرحمٰن، محترم محسن کھوکھر اور محترمہ شازیہ غلام قادر شامل ہیں۔

شعبہ ممبرشپ کا قیام

تحریک منہاج القرآن کے قیام کے معاً بعد جس پہلے شعبہ کا قیام عمل میں آیا وہ شعبہ ممبرشپ (رفاقت و رکنیّت) تھا۔ تحریک کے ساتھ ساتھ پروان چڑھنے والے اس شعبہ میں تحریک منہاج القرآن اور اس کے ذیلی فورمز، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رفقاء و اراکین کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں تحریک کی عوامی پذیرائی کا جائز لینے کےلئے مختلف مہمات چلائی گئیں، جن میں وابستگی مہم اور تکمیل پاکستان مہم شامل ہیں، ان مہمات کے ذریعے لاکھوں ہم وطنوں کو تحریک کا پیغام پہنچایا گیا اور مرکزی Data Base کےلئے ان کے کوائف حاصل کئے گئے۔

شعبہ ممبرشپ کی گزشتہ 25 سال میں جن احباب نے سربراہانہ خدمات انجام دیں ان میں محترم محمد سلیم نقشبندی، محترم محمد نصیر نقشبندی، محترم شوکت علی قادری، اور محترم محمد فیاض مغل شامل ہیں، گزشتہ سات سال سے یہ خدمت راقم الحروف کہ ذمہ ہے۔ دیگر نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں میں محترم محمد رشید، محترم ظہور احمد، محترم ناصراحمد، محترم امتیاز اسیر، محترم محمد سلیم اعوان، محتر م نصیر صدیقی، محترم سیّد غلام حسین اور محترم رئیس احمد شامل ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کا شعبہ ممبرشپ جوکہ تحریک کا اوّلین شعبہ ہے پہلے ہی سے Data Management کا کام کر رہا ہے لہٰذا شعبہ ہٰذا کو نظامت شماریات کا حصّہ بنا دیا گیا ہے۔

الیکٹرانک ڈیٹا پراسیسنگ ڈیپارٹمنٹ کا قیام

شعبہ ممبرشپ کے الیکٹرانک ڈیٹا پراسسینگ ڈیپارٹمنٹ (EDP) کا قیام 1988ء میں عمل میں آیا، یہ پاکستان میں کمپیوٹر کا بالکل ابتدائی دور تھا، جب مذہبی حلقے تو کجا کاروباری حلقوں میں بھی اس کے استعمال کے بارے میں تشویش پائی جاتی تھی۔گزشتہ 17 سالوں سے شعبہ ممبرشپ میں رفقاء و اراکین کا ریکارڈ Manual طریقہ کی بجائے کمپیوٹرائزڈ طریقہ سے مرتب کیا جا رہا ہے۔ اس شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں محترم محمد ظریف، محترم محمد نعیم رضا، محترم محمد نواز ناصر، محترم حافظ عبدالرحمٰن، محترم ناصر محمود اور محترم محمد وسیم رضا شامل ہیں۔

رفاقت و رکنیت کی اقسام اور طریقہ کار

جیسا کہ اوپر بیان ہوا کہ تحریک کی ممبرشپ کو رفاقت کہا جاتا ہے، گزشتہ پچیس سالوں کے دوران رفاقت کے علاوہ ممبرشپ کی مختلف اقسا م متعارف کرائی گئیں جن میں تحریک کی رکنیّت، وابستگی، معتمد، معتمد خاص، کاروان اسلام، معاونت ، نقابت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اوقات میں تحریک کی عوامی قبولیت کا جائزہ لینے کےلئے تائیدی ممبرشپ کی مہمات چلائی گئیں جن میں تکمیل پاکستان مہم قابل ذکر ہے جس کے تحت مخصوص علاقوں میں تین لاکھ کے قریب افراد سے تحریک کی حمایت و پسندیدیگی کی تحریر ی تائید حاصل کی گئی۔

باقاعدہ رجسٹرڈ ممبرشپ میں تحریک کی تاحیات رفاقت، رفاقت و رکنیّت کے علاوہ اس کے ذیلی فورمز منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلباء اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طالبات کے تاحیات رفاقت اور رفاقت و رکنیت شامل ہے۔ تحریک کے مالی وسائل کا انحصار زیادہ تر تحریک اور اس کے ذیلی فورمز کے رفاقت و رکنیّت پر ہے۔ تحریک کا ہر تاحیات رفیق کم از کم پانچ ہزار روپے بطور زراعانت رفاقت یکمشت یا پانچ اقساط میں ادا کرتا ہے۔ ہر رفیق کم از کم پچیس روپے ماہانہ اور ہر رکن پانچ روپے ماہانہ بطور زراعانت ادا کرتا ہے۔

شعبہ ممبرشپ کی ورکنگ

تحریک کا شعبہ ممبرشپ گزشتہ پچیس سال سے ممبرشپ سے متعلقہ تمام امور کی انجام دہی بحسن و خوبی کر رہا ہے۔ ذیل میں ہم اس شعبہ کے طریقہ کار کا اجمالی جائزہ پیش کرتے ہیں۔

ریکارڈ کیپنگ

تمام رفقاء و اراکین کے ممبرشپ کا مکمل ریکارڈ ترتیب دینا اس شعبہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ شعبہ ہٰذا Manual & Computerized ہر دو طریق پر رفقاء و اراکین کا ریکارڈ ترتیب دیتا ہے۔ پچیس سال کے دوران تحریک اور اس کے کسی ذیلی فورمز کا باقاعدہ رفیق و رکن بننے والا شخص کسی بھی وقت اپنا ریکارڈ ملاحظہ کر سکتا ہے۔ بنیادی ممبرشپ کے فارمز ہمیشہ کےلئے محفوظ کر لئے جاتے ہیں جبکہ فارم سے ضروری کوائف حاصل کر کے کمپیوٹر میں محفوظ کر لئے جاتے ہیں۔

زرتعاون کی وصولی اور مالیاتی امور

جیسا کہ بالا سطور میں ذکر کیا گیا کہ تحریک کے مالی وسائل کا زیادہ تر انحصار رفقاء و اراکین کے ادا کئے جانیوالے زراعانتِ رفاقت پر ہے لہٰذا شعبہ ممبرشپ کی ایک بڑی ذمہ داری رفقاء و اراکین سے ان کے زراعانت کا حصول اور اس امانت کی شعبہ مالیات کو منتقلی شامل ہے۔ رفاقت و رکنیّت کا زراعانت نقد، منی آرڈر، چیک یا ڈارافٹ کے ذریعے بھجوایا جاسکتا ہے۔ ہر موصولہ رقم کی متعلقہ رفیق و رکن یا تنظیم کے نام باقاعدہ رسید جاری کی جاتی ہے، کوئی بھی رقم رسید کے بغیر وصول نہیں کی جاتی۔ ان رقوم کا Individual اور تحصیل و ضلع کے لحاظ سے ریکارڈ ترتیب دیا جاتا ہے۔

مجلہ جات کی ترسیل

تحریک کے رفقاء کو ماہنامہ منہاج القرآن ماہنامہ دختران اسلام کی ماہانہ بنیادوں پر ترسیل بھی شعبہ ممبر شپ کی ذمہ داری ہے۔ ہزاروں ریگولر (ریگولر سے مراد رفاقت کا زراعانت باقاعدگی سے ادا کرنا ہے) رفقاء کو ہرماہ یہ مجلہ جات ارسال کئے جاتے ہیں۔ ان مجلہ جات کی ترسیل کا Computerized ریکارڈ بھی ترتیب دیا جاتا ہے۔

ممبرشپ فارم اور فری لٹریچر کی طباعت و تقسیم

تحریک اور اس کے جملہ ذیلی فورمزکی رفاقت و رکنیت کے فارم اور تعارفی لٹریچر کی طباعت اور ملک بھر میں ان کے تقسیم شعبہ ہٰذا کی ایک اور اہم ذمہ داری ہے۔ ہر دو قسم کا Material حسبِ ضرورت کسی بھی وقت شعبہ ممبرشپ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ممبرشپ اسناد کی طباعت، تیاری اور فراہمی

تحریک سے بطور رفیق تاحیات رفیق وابستہ ہونے والے احباب کو باقاعدہ اسناد جاری کی جاتی ہیں۔ رفقاء کو ناظمِ اعلیٰ کے دستخط سے جبکہ تاحیات رفقاء (لائف ممبرز) کو قائد انقلاب کے دستخط سے خوبصورت اسناد جاری کی جاتی ہیں۔

فیلڈ سے خط و کتابت

ملک بھر میں رفقاء و اراکین اور تنظیمات ممبرشپ اور مجلہ جات کی ترسیل سے متعلق معاملات کے سلسلہ میں شعبہ ممبرشپ سے رابطہ میں رہتے ہیں۔ فیلڈ سے آنے والے خطوط اور E-mails کے جوابات ارسال کرنا اور دریافت کی گئی متفرق Queries کے تسلی بخش حل پیش کرنا شعبہ ممبرشپ کی ذمہ داری ہے۔

اعداد و شمار پر مبنی مختلف رپورٹس کا اجراء

رفقاء و اراکین کے Data اور مالیاتی امور پر مبنی ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر پورٹس کا باقاعدہ اجراء شعبہ ممبرشپ کا سالہا سال کا معمول ہے اس کے علاوہ مختلف Catagories کی تجزیاتی رپورٹس تیار کرنا بھی شعبہ ہٰذا کی ذمہ داری ہے۔

تنظیمی ریکارڈ کی حفاظت

تحریک منہاج القرآن اور اس کے ذیلی فورمز کی مرکز سے لے کر یونٹ کی سطح تک کی تنظیمات کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ ترتیب دینا بھی شعبہ ممبرشپ کے چارٹر میں شامل ہے۔ ماضی کی تمام تنظیمات کا ریکارڈ شعبہ کے پاس محفوظ ہے جسے بوقت ضرورت رابطہ کےلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

فیلڈ میں متفرق Data کی فراہمی

فیلڈ میں ہر سطح کی تنظیمات کوضرورت پڑنے پر انکے رفقاء و اراکین کا Printed Data بھی شعبہ ممبرشپ کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ بطور رفیق تحریک سے وابستہ کریں اور اگر آپ ابھی تک تحریک کے باقاعدہ رفیق نہیں بنے ہیں تو ہماری دعوت پر غور و فکر ضرور کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top