عید الاضحیٰ استحصال زدہ طبقے کو خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری

قوم مواخات کے عظیم رویوں کو زندہ کرے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مکہ مکرمہ سے پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحی معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے۔ قوم مواخات کے عظیم رویوں کو زندہ کرے تا کہ محروم طبقات حقیقی خوشی سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نفسانی خواہشات کے خلاف بند باندھنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے اس عمل سے فلاحی رویے پھوٹتے ہیں اور معاشرے سے انتہا پسندانہ منفی رجحانات کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی تکلیف کا احساس اجاگر ہوتا ہے جومعاشرے میں مثبت قدروں کا باعث بنتا ہے۔ پوری دنیا کے مسلمان حج اور قربانی کے فریضہ کو ادا کر کے دنیا کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ انتشار و افتراق سے تائب ہو کر امت مسلمہ جسد واحد بن جائے تا کہ وہ کھویا ہوا عروج دوبارہ پا سکے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مادیت کے اس دور میں قربانی کے فلسفہ سے رہنمائی لے کر روحانی و اخلاقی قدروں کے فروغ کیلئے پوری امت کو تحریک ملتی ہے۔ قربانی کا یہ فریضہ پوری انسانیت کو ایک دوسرے کی مدد کرنے کا عظیم پیغام بھی دیتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top