صاحبان اقتدار کی نیت کا فتور اشیائے ضروریہ کے قحط کی شکل میں نظر آ رہا ہے

ملک میں توانائی کا نہیں اصل میں قیادت کا بحران ہے
گیس اور بجلی کو لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں سفاکانہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں
گوندھا ہواآٹا اٹھا کر انوکھا احتجاج، ہم روٹی کہاں پکائیں؟
پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام گڑھی شاہو چوک تا لاہور پریس کلب احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت

ملک بھر میں ہونیوالی بجلی اور گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ اور ہر دو کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے حکومتی اقدام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام گڑھی شاہو چوک سے لاہور پریس کلب تک احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ارشاد احمد طاہر اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کی جبکہ اس موقع پر حفیظ اللہ جاوید، ثنا اللہ خان، حافظ غلام فرید، ڈاکٹر اقبال نور، حاجی اختر، حاجی عبد الخالق اور لاہور کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ شرکاء نے احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور قیمتوں میں ہوشرباء اضافے کیخلاف سخت جملے درج تھے۔ حکومت کی غریب کش پالیسیوں کے خلاف کچھ نوجوان سینہ کوبی کر رہے تھے۔ کچھ افراد گیس کے چولہے اٹھا کر دھائی دے رہے تھے۔ نوجوانوں کا ایک گروپ بڑے برتن میں گوندھا ہوا آٹا اٹھا کر احتجاج کر رہا تھا کہ حکمران بتائیں ہم روٹی کہاں پکائیں؟ ریلی میں توانائی کے بحران پر حکومت کی ظالمانہ خاموشی اور ہٹ دھرمی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت توانائی کے بحران کو شدید تر کرنے کی ذمہ دار ہے۔ گیس اور بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ سے ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ بیروزگاری اور مہنگائی کے گراف کو توانائی کے بحران نے بڑھا دیا ہے۔ عوام بھوک سے خود کشیاں کر رہے ہیں مگر حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ حکومت کو اقتدار کی ڈوبتی کشتی بچانے کی فکر ہے اور وہ اپنی تمام تر توانائیاں اسی پر صرف کئے ہوئے ہیں۔ ملک میں توانائی کا نہیں اصل میں قیادت کا بحران ہے۔ صاحبان اقتدار کی نیت کا فتور اشیائے ضروریہ کے قحط کی شکل میں نظر آ رہا ہے۔ پارلیمنٹ 2فی صد طبقے کے حقوق کی محافظ ہے انہیں عوامی مسائل سے بالکل دلچسپی نہیں ہے اس لئے موجود ہ انتخابی نظام کو سمندر برد کرنا ہو گا جس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ بجلی کا شارٹ فال 4200 میگا واٹ تک جا پہنچا ہے اور گھروں میں چولہے سرد ہیں جو ظلم کی انتہا ہے۔ معصوم بچے ناشتے کے بغیر گزارہ کرنے پر مجبور بنا دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ نے گھروں کے چولہے اور پہیہ بند کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیسیوں گاڑیوں کے سکواڈ کے ساتھ نکلنے والے حکمران جان لیں اگر انہوں نے اپنی روش نہ بدلی تو ان کا اقتدار خس و خشاک کی طرح بہہ جائے گا۔ آج گیس اور بجلی کمیاب مگر ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ہم گیس اور بجلی کو لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں سفاکانہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف باہر نکل آئیں۔ موجودہ حکومت عوام کش اقدامات کر رہی ہے اور عوام کی بنیادی ضروریات کو بھی ناپید کر دیا گیا ہے۔ ریلی کے ہزاروں شرکاء نے حکومت کے غریب کش اقدامات کے خلاف قرارداد مذمت منظورکی اور قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کو مسترد کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top