تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے زیراہتمام عالمی سفیر امن کانفرنس

تحریک منہاج آلقرآن میر پور آزد کشمیر، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم میرپور کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 سالگرہ پر قائد ڈے کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ 20 فروری 2012ء کو بنگیال میرج ہال میرپور آزاد کشمیر میں قائد ڈے کی پروقار تقریب کو "عالمی سفیرِ امن کانفرنس" کا نام دیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور چوہدری محمد منشاء مہمان خصوصی تھے جبکہ مرکزی سیکرٹریٹ سے سینئر نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

عالمی سفیر امن کانفرنس کے دیگر معزز مہمانوں میں تحریک اسلامی پاکستان کے نائب صدر محمود شاہ بخاری، تحصیل مفتی میرپور زاہد محمود، ماہر سرجن ڈاکٹر جاوید اقبال چوہدری، میجر (ر) طارق محمود، علامہ اسد شاہ کاظمی چیئرمین علماء مشائخ سپریم کونسل، ناظم تحریک منہاج القرآن حافظ احسان الحق، نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر ظفر اقبال طاہر، پروفیسر وجاہت بیگ، پروفیسر رشید صدیقی، حاجی محمد رضوان اکرم نائب صدر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس آزاد کشمیر، عارف علی طاہر، سیف الدین مجددی، یوتھ لیگ کے صدر بابر مغل، صدر تحریک امتیاز احمد قادری، ناظم ڈاکٹر محمد آزاد کشمیر حافظ عمیر اور صدر ایم ایس ایم اشتیاق بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ کئی طلبہ تنظیموں نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ شیخ الاسلام سے منسوب تحریکی ترانے اور ملی نغمے بھی بذریعہ پروجیکٹر پروگرام میں دکھائے گئے۔ شیخ الاسلام کی زندگی پر عالم اسلام کی عظیم ہستیوں کے تاثرات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جو منہاج یوتھ لیگ کے صدر بابر مغل نے تیار کی تھی۔

سینئر نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نے قائد ڈے تقریب میں خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنی زندگی میں ایک ہمہ جہت شخصیت ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالم عرب و مغرب کو وہ بیک وقت اپنے علم و فکر سے فیض یاب کر رہے ہیں۔ شیخ الاسلام علم کا ایسا بحر بیکراں ہیں جو بلا امتیاز تشنہ گانِ کی پیاس بجھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس دور ظلمت میں امید کی کرن ہیں۔ شیخ الاسلام علم و عمل اور دنیا بھر میں قیام امن میں ایک عالمی مثال بن چکے ہیں، وہ ایسا مستند حوالہ ہیں کہ اپنے اور غیر سب ہی ان کی علمی خدمات کا اعتراف کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عشقِ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایسا چراغ ہیں جو چہار دانگ عالم اپنی روشنی بکھیر رہا ہے، جس سے فکر نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت و عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ گھر گھر روشن ہو رہے ہیں۔

پروگرام کے مہمان خصوصی چوہدری محمد منشاء ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب عالم اسلام کی مدبر شخصیات شیخ الاسلام کو اپنا قائد مانتی ہیں تو یہ اس بات کاثبوت ہے کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مشن حق و سچ پر مبنی ہے۔

مرکزی نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے کہا کہ منہاج القرآن کے مصطفوی مشن میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دست و بازو بن کر ملک و قوم کے لیے مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے جس کے لیے ہمیں دن رات ایک کر کے اپنی توانائیاں خرچ کرنا ہوں گی۔

تحریک منہاج القرآن میرپور کے راہنما بشارت علی چوہدری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک فرد نہیں بلکہ عالمگیر تحریک اور انسٹی ٹیوشن کا نام ہے، جن کی فکر دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے اپنی علمی کاوشوں سے اسلام کے چہرے پر صدیوں سے پڑی ہوئی گرد صاف کردی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالم اسلام کے کسی فرد واحد نے مغربی دنیا کے سامنے اسلام کو ایک پر امن اور روشن خیال دین کے طور پر پیش کیا، جس کا سارا کریڈٹ شیخ الاسلام کی ذات کے سر ہے۔

پروگرام میں اویس مصطفوی نے نقابت کے فرائض نبھائے، منہاج نعت کونسل بھمبر نے خوبصورت نعت پڑھ کر حاضرین کے قلوب و ازہان کو منور کیا۔ آخر میں تمام شرکاء مجلس نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم میرپور کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

پروگرام میں شیخ الاسلام کی 61 ویں سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا، اس موقع پر تمام شرکاء نے تالیوں کی گونج میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ کانفرنس کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا، جس سے پہلے درودوسلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا، پروگرام کے بعد تمام شرکاء کے لیے عشائیہ کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top