منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیر اہتمام میلادا لنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو (ناروے) کے زیر اہتمام مورخہ 04 فروری 2102ء کو سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں خواتین وحضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اورنارویجن زبان میں تلاوت کی گئی آیات کا ترجمہ پیش کیا۔ منہاج نعت کونسل، حافظ عمران علی، مظفر بٹ، عبدالمنان، کامران بشیر اور پاکستان کے معروف نعت خوان وحید بٹ نوری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ کانفرنس کے شرکاء سے خصوصی خطاب منہاج القرآن اٹلی سے تشریف لائے مہمان علامہ غلام مصطفی مشہدی نے کیا انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں رواداری ، تحمل اور بردباری کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ میلاد منانا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت اور عشق پیدا کرنے اور بڑھانے کاموثر ذریعہ ہے ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت ہو جائے تو اتباع اور تعلیمات پر عمل کرنا آسان ہوجاتاہے ۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے حوالہ سے کہا کہ منہاج القرآن کو قائم کرنے کا مقصد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے تعلق کو بحال کرنا ہے تاکہ امت کی ڈوبٹی کشتی کو کنارہ مل جائے۔

کانفرنس میں اوسلو کے علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں مسلم سنٹر فیورسٹ کے علامہ نور علی سیالوی، علامہ قاری اسرار احمد منہاجین، جماعت اہلسنت کے امام حافظ شیر از محمود، مسلم سنٹر نورسترند کے امام علامہ انعام الحق اور علامہ ناصر علی اعوان شامل ہیں۔ کانفرنس میں ناروے میں پاکستانی سفیر اشتیاق احمد اندرابی نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے آخری حصہ میں منہاج القرآن لائبریری اوسلو کی طرف سے دوعمرے کے ٹکٹ دیئے گئے، عمرے کے ٹکٹ میں تعاو ن کرنے پر منہاج لائبریری نے فیض عالم قادری اور شیخ شوکت کاشکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض حافظ صداقت علی قادری نے احسن انداز میں ادا کئے ۔ کانفرنس میں منہاج ویمن لیگ کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات کی ڈی وی ڈی فری تقسیم کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور حاضرین کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top