منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام جشن ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز اور علامہ محمد شکیل ثانی کا کامیاب دورہ

مورخہ: 12 مارچ 2012ء

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان نے ربیع الاول کا پورا مہینہ جشن ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر منایا جس میں یکم ربیع الاول سے لیکر یکم ربیع الثانی تک بلا ناغہ ضیافت میلاد کا انتظام کیاگیا، مساجد کو سجایاگیااور لائٹنگ کی گئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی تنظیم نے علامہ محمد شکیل ثانی کو پاکستان سے بطو ر خاص ان پروگراموں کے سلسلہ میں بلوایا تھا۔

علامہ محمد شکیل ثانی کے ٹوکیو جاپان ایئر پورٹ پہنچنے پر جاپان تنظیم کے جملہ عہدیداران، کارکنان اور وابستگان نے ان کا بھر پور استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے بڑے مرکز اباراکی کین میں علامہ محمد شکیل ثانی کی آمد سے ایک تہلکہ مچ گیا، ہر روز نما زفجر سے ہی ضیافت کا آغاز ہو جاتاجس میں ہر نمازی کے لئے گرم دودھ، انڈہ، رس اور حلوہ پیش کیا جاتا اور ہر شام نماز عشاء کے بعد لنگر کا انتظام وانصرام کیا جاتا۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عالم نور سے سفر کا آغاز کیااور سلسلہ وار گفتگو جاری رکھی،لوگوں کی دلچسپی بڑھتی گئی۔

مورخہ 02 فروری 2012ء بروز جمعرات کومیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پہلا پروگرام جامع مسجد البلال پوکی میں ہوا۔ پروگرام میں شرکت کے لئے اباراکی سے نوجوانوں کا قافلہ ایاز ملک کی قیادت میں پہنچا۔علامہ محمد شکیل ثانی نے قل بفضل اللہ وبرحمتہ کو موضوع بنایا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد پر خوشیاں منانے پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن پوری دنیا میں محبت وامن کا پیغام عام کر رہی ہے جاپان کی دھرتی پر بھی سب مسلمان محبت کا نمونہ پیش کریں۔

مورخہ 04 فروری 2012ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء جامع مسجد معصومیہ ایساساکی میں عظیم الشان سیرت ومیلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقادہوا، ترکی کی بزرگ شخصیت الشیخ نعمت اللہ نے صدارت کی جبکہ حافظ محمد احمد قمرکی زیر نگرانی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ناگویا، اباراکی، ٹوکیوسے تحریکی کارکنوں نے شرکت کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے جونہی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کے ترانے چھیڑے پورا مجمع عشق ومستی سے جھوم اٹھا یہ پروگرام جاپان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام تھا۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دلوں میں پختہ کرنے پر زور دیا۔

مورخہ 05 فروری 2012ء بروز اتوار کو کھانا گاواکین میں عظیم الشان محفل میلاد منعقدہوئی جس میں اباراکی کین کے تحریکی احباب گاڑیوں کا قافلہ لے کے پہنچے۔ یہ دن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا دن تھاجس میں جلوس کا بھی انتظام کیا گیا۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے، آؤ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں اور سب مل کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دست وبازو بن جائیں اور ظالمانہ نظام کو توڑ پھینکیں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نظام کو نافذ کرنے میں اپنی عملی جدوجہد کریں۔

مورخہ 11 فروری 2012ء کو ناگویا جاپان میں منہاج القرآن کے دوسرے بڑے سنٹر جو حال ہی میں تعمیر کیا گیا ہے میں صدر منہاج ایشیئن کونسل علی عمران کی صدارت میں کامیاب میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محفل منعقد کی گئی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نوجوانوں کا قافلہ لے کر 6 گھنٹے کی مسافت بذریعہ روڈ طے کرنے کے بعد جب ناگویا پہنچے تو شاندار استقبال کیا گیا جس میں خالد محمود صدر ناگویا، مہدی حسن ناظم ناگویا، علامہ عبدالمصطفیٰ شاہین، سید فدا حسین شاہ اور علی عمران نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔مسجد کے دونوں ہال حاضرین سے بھر گئے، خواتین کو اوپر والی منزل میں بٹھایا گیا۔علامہ محمدشکیل ثانی کے خطاب سے قبل جاپان کے مشہور نعت خواں محمد جاوید سجن نے سوز گداز میں ڈوبی آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جس سے پوری محفل میں روحانیت کا ماحول چھاگیا۔ علامہ محمدشکیل ثانی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سلطان کائنات ہیں کو موضوع بنایااور عظمت وشان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف گوشے بیان کئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے اس نگینے کو علی عمران صدر منہاج ایشیئن کونسل نے ٹائیگر آف جاپان کا لقب دیا۔ اس پروگرام کی نقابت کے فرائض مہدی حسن نے سرانجام دیئے۔

مورخہ 18 فروری 2012ء برو ز ہفتہ کو جاپان کا سب سے بڑا پروگرام مرکز المصطفیٰ اباراکی کین باندوشی میں ہوا جس کی صدارت علی عمران صدر منہاج ایشیئن کونسل اور ترکی کی بزرگ ہستی الشیخ نعمت اللہ نے کی۔ سیکرٹری جنرل جاپان اعجاز رمضان کیانی پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں ناگویا، ٹوکیو، پو، کی، نگاتا اور گماکین سے کارکن قافلوں کی صورت میں پہنچے۔ پروگرام میں علامہ محمد شکیل ثانی نے درود وسلام کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے قرآن وسنت کی روشنی میں بیان کیا کہ یہ اللہ کی سنت ہے اور اسی سنت کو زندہ کرنے اور لوگوں کو اس کی ترغیب دینے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مرکز منہاج القرآن میں گوشہ درود قائم کیا ہے جس میں چوبیس گھنٹے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام پڑھا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں خطبہ استقبالیہ صالح خان افغانی نے دیا۔

مورخہ 19 فروری 2012ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کا عظیم الشان پروگرام ابارکی کین میں ہوا جس کی صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران اور منہاج القرآن جاپان کے ناظم اعجاز رمضان کیانی نے کی۔ پروگرام میں سالگرہ کے تحفہ میں تحریکی احباب کو بذریعہ قرعہ اندازی 10 عمرہ کے ٹکٹ دیئے گئے جبکہ علامہ محمد شکیل ثانی کو احمد سعید بھٹی کی طرف سے عمرہ کا اعزازی ٹکٹ دیا گیا۔ پروگرام میں مسلم لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف کے سیاسی عہدیداران کے علاوہ دیگر مذہبی وسماجی تنظیمون کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ ترکی کی معروف روحانی شخصیت الشیخ نعمت اللہ نے شیخ الاسلام کی درازی عمر کی دعا کی۔

مورخہ 25 فروری 2012ء بروز ہفتہ کو منہاج القرآن جاپان نے باقاعدہ طور پر درس عرفان القرآن کا آغاز کر دیا جس کا پہلا پروگرام جامع مسجد معصومیہ ایساساکی میں ہوا جس کی نگرانی علامہ حافظ محمد احمد قمر نے کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے سورۃ الحجرات کا تعارف پیش کیا اور درس عرفان القرآن کے اغراض ومقاصد پر گفتگو کی۔ عوام الناس نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے لوگوں کو بتایا کہ درس عرفان القرآن انشاء اللہ ہر ماہ ہو ا کرے گا۔

رپورٹ: محمد فیصل ملک، محمد ایاز ملک

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top