نظامت تربیت کے زیراہتمام فیصل آباد میں عرفان القرآن کورس کا آغاز

مورخہ: 22 مارچ 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مورخہ 18 مارچ 2012ء کو امین بنگلہ فیصل آباد میں عرفان القرآن کورس کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب امین پور بنگلہ میں صبح 11 بجے منعقد ہوئی جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی، عبدالمالک گل ناظم تحریک منہاج القرآن PP64 فیصل آباد، حسن جوئیہ نائب صدر PP64 فیصل آباد کے علاوہ دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ علامہ محمد شریف کمالوی نے آئیں دین سیکھیں کورس اور عرفان القرآن کورس کی مکمل بریفنگ دی جس میں انہوں نے کہا کہ ان کورسز کا مقصد رجوع الی القرآن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیں دین سیکھیں کورس بنیادی دینی تعلیمات کا کورس ہے جس میں وضو، غسل، نماز جنازہ، اور فرض اور نوافل والی نمازوں کی تعلیم دی جاتی ہے۔

اسی طرح عرفان القرآن کورس قرآن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے  کہا کہ اس میں قرآن مجید کا تلفظ، ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھنے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم لوگ دینی تعلیمات سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ اس لیے آج ہم پر مختلف مصائب وآلام ڈھائے جا رہے ہیں۔ اگر ہم قرآن مجید کی تعلیمات کو تھام لیں تو سارے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ عبدالمالک گل نے تقریب میں شریک کثیر تعداد میں لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور امین پور بنگلہ میں تین مختلف جگہوں پر کورسز کے آغاز کرنے کا اعلان کیا۔

تقریب کے اختتام پر  تمام انسانیت کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: عظمت فریدجوئیہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top