اسلامک سرکل حلقہ اسامہ بن زید اور منہاج القرآن جاپان کے زیر انتظام درس عرفان القرآن

مورخہ: 25 مارچ 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان اورجماعت اسلامی جاپان کے زیر انتظام مورخہ 25 مارچ 2012ء کودرس عرفان القرآن ہوا جس سے خصوصی خطاب منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے کیا۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے سب سے پہلے اسلامک سرکل آف جاپان کے انچارج محمد رفیع اور سکندر علی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عظیم الشان انتظامات کے ساتھ درس عرفان القرآن کی تقریب کا اہتمام کیا۔ جماعت اسلامی پچھلے کئی سالوں سے یہ درس قرآن منعقد کرتی آرہی ہے۔ جاپان کی تاریخ کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ منہاج القرآن کے سکالر کو جماعت اسلامی نے دعوت دی۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے قرآن اور صاحب قرآن کے موضوع پر انتہائی مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت امت قرآن سے محبت، قرآن کا ادب، قرآن کی تلاوت، قرآن پر فکر وتدبراور قرآن کی تبلیغ کرنا ہر شخص پر لازم ہے۔ قرآن سے ہدایت صاحب قرآن کی محبت اور ادب کے بغیر نہیں ملتی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے خطاب کے بعد سوالات کے مدلل جواب دیئے۔ انہوں نے قرآن وحدیث کی روشنی میں شرک کے متعلق بتایاکہ انبیاء اور اولیاء کی محبت شرک نہیں۔ اولیاء اللہ کا وسیلہ مانگناحرام نہیں ہے۔ قبروں اور مزارات پر جانا جائز ہے۔

انہوں نے منہاج القرآن کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کے لئے اپنی پوری زندگی امت کے نام کر دی ہے، ہمیں چاہیئے کہ مشن مصطفوی میں ان کاساتھ دیں۔ اس موقع پر محمد رفیع اور سکندر علی نے منہاج القرآن کی لائف ممبرشپ حاصل کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے اسلامک سرکل کے سربراہ شاہد بھائی، امتیاز بھائی اور منہاج القرآن جاپان کے محمد ایاز، عمران بیگ، محمد حنیف مغل، امانت علی گوندل، انعام الحق، شمس الحق، وقاص علی، محمد فیصل ملک، یٰسین بٹ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی اور دعائے خیر کی۔

رپورٹ: محمد فیصل ملک

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top