رواں سال نومبر میں وطن واپس آرہا ہوں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

موجودہ نظام جمہوریت نہیں مجبوریت ہے، ایک فیصد کی عیاشی کے نظام کو جمہوریت نہیں کہا جاسکتا
تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی
پاکستان کے مقتدر طبقے کی نفسیات فراعین مصر جیسی ہے، وہ عوام کو غلام سمجھتے ہیں
پاکستان کو کالونی بنانے والے کوئی اور نہیں’’عوامی نمائندے‘‘ ہیں
عالمگیر ورکرز کنونشن سے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے براہ راست خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی۔ موجودہ انتخابی نظام ملک اور عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ پاکستان کے مقتدر طبقے کی نفسیات فراعین مصر جیسی ہے، وہ عوام کو غلام سمجھتے ہیں۔ 3 سال سے مرکزی مجلس شوریٰ نے بوجوہ پاکستان آنے سے روک رکھا تھا، کارکن سن لیں کہ رواں سال نومبر میں وطن واپس آ رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور پاکستان کی 225 تحصیلوں و دنیا کے 100ممالک میں ہونے والے عالمگیر ورکرز کنونشن سے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا خطاب minhaj.tv کے ذریعے پوری دنیا میں دیکھا گیا۔ یہ پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی تاریخ کا پہلا ورکرز کنونشن تھا جس میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر کے پوری دنیا کے کارکنوں کو براہ راست خطاب کیا گیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ نظام جمہوریت نہیں مجبوریت ہے۔ ایک فیصد کی عیاشی کے نظام کو جمہوریت نہیں کہا جاسکتا۔ موجودہ نظام میں 18، 19 کروڑ عوام کو تو جینے کا حق بھی نہیں ہے ان سے بنیادی ضروریات تک چھین لی گئی ہیں۔ افسوس آج یہ باتیں ہورہی ہیں کہ قیام پاکستان جائز تھا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر 24 گھنٹے جھوٹ بولا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے ہوا میں اُڑائے جارہے ہیں، پوری قوم کی پُشت پر کوڑے مارے جا رہے ہیں، پاکستان کو کوڑیوں کے عوض بیچا جا رہا ہے اور اسے کالونی بنانے والے کوئی اور نہیں’’عوامی نمائندے‘‘ ہیں۔ آزادی اور خود مختاری کی بات کرنے والے جھوٹ اور فریب دے رہے ہیں۔

18 کروڑ عوام ایک فیصد لٹیروں کے ہاتھوں بے وقوف نہ بنیں بلکہ موجودہ نظام کے خلاف مؤثر جدوجہد شروع کردیں۔ موجودہ نظام کرپشن، ظلم، بربریت اور عوام دشمنی پر مبنی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد بنے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top