منہاج القرآن انٹرنیشنل (فرینکفرٹ، جرمنی) کے زیراہتمام عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع

مورخہ: 19 اگست 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (فرینکفرٹ، جرمنی) کے زیراہتمام امسال بھی اجتماعی نماز عید الفطر کا اہتمام کیا گیا جس میں ہر سال کی طرح نہ صرف فرینکفرٹ بلکہ دور دراز کے علاقوں سے قافلہ در قافلہ لوگ شریک ہوئے۔

عید الفطر کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی نے لوگوں کو اپنے اخلاق سنوارنے، کردار میں پختگی پیدا کرنے اور اپنی شخصیات کو آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ عیدجہاں خوشی کا اظہار ہے وہیں اس خوشی کے موقع پر اپنے مسلمان بہن بھائیوں سے سابقہ رنجشیں دور کرنے، غریبوں اور بے سہارا کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور انہیں اپنے ساتھ خوشیوں میں شریک کرنے کا نام بھی ہے۔ آج عید کا یہ اجتماع اور اس کے پیچھے چھپی حکمتیں ہمیں درس دے رہی ہیں کہ احترام انسانیت کو اپنی زندگیوں میں جگہ دو، تحمل، بردباری اور برداشت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بناتے ہوئے دلوں کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار کر لو۔

علامہ محمد اقبال فانی نے کہا کہ جس طرح ہم نے رمضان المبارک کا پورا مہینہ کھانے پینے، برائی کے کاموں سے رکنے، جھوٹ، دجل، فریب جیسی قبیح حرکات سے اجتناب کیا ہے عید کی حقیقی خوشی تب ہی نصیب ہوگی جب ہم اپنی زندگیوں میں یہ عہد کرلیں کہ جس طرح ہم نے رمضان المبارک میں اپنی زندگیوں کو نورانی علم سے منور کیا ہے اب بھی اسی کردار کے حامل ہوکر اپنے شب و روز گذاریں گے۔ عید کے اجتماع میں تقریبا 1400 افراد نے شرکت کی۔ اختتامی دعا میں ملک پاکستان کی حفاظت وسلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت وتندرستی کی دعا کی۔ عید کی نماز کے بعد تما م رنگ ونسل کے لوگ آپس میں گھل مل گئے اور ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے مبارکباد دیتے رہے۔

رپورٹ: ایم اے مرزا

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top