اداروں کو مضبوط کئے بغیر حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ شیخ زاہد فیاض

آئین کی بالا دستی کیلئے شخصیات کی بجائے اداروں کو مضبوط کرنا اور انکے اختیارات میں توازن لانا ضروری ہے
اسلامی ممالک ایسا فورم تشکیل دیں جو امُت کو سیاسی و معاشی وقار عطا کرے

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں اداروں کو مضبوط کئے بغیر حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کی رسم ملک کو مزید بحران میں لے جائے گی۔ قومی حکومت کا قیام ہی مسائل کا حل ہے۔ باکردار، اہل اور ماہر افراد پر مشتمل حکومت ہی ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔ آئین کی بالا دستی کیلئے شخصیات کی بجائے اداروں کو مضبوط کرنا اور انکے اختیارات میں توازن لانا بہت ضروری ہے۔ وہ گذشتہ روزماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سکالرز فورم کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی و معاشی طور پر امت مسلمہ دنیا میں محکومی کی زندگی گزار رہی ہے مسلم ممالک وسائل کی فراوانی اور با صلاحیت افرادی قوت کے باوجود سیاسی اور معاشی طور پر دنیا میں بے حیثیت دکھائی دیتے ہیں جس کی بڑی وجہ اتحاد و یک جہتی کا نہ ہونا اور جدید علوم سے دوری ہے۔ معاشی طور پر خوشحال مسلم ممالک غریب مسلم ممالک کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے جو بڑا المیہ ہے۔ امت مسلمہ کی نمائیندہ تنظیم OIC بھی غیر فعال ہے۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ موثر اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات اور غلامانہ پالیسیوں سے تائب ہو کر ایک ایسا فورم تشکیل دیں جہاں محکوم مسلم ممالک کو حقیقی آزادی دلانے اور امت کے معاشی اور سیاسی وقار کی بحالی کے لئے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسلمان بطور امت دنیا میں توقیر کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں نے اپنی موجودہ روش کو نہ بدلا تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top