جہلم : عظمت مصطفیٰ (ص) کانفرنس

توہین آمیز فلم اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بھرپور اور پرامن احتجاج کرنے کے لیے مورخہ 07 اکتوبر 2012ء بروز اتوار تحریک منہاج القرآن جہلم کے زیراہتمام عظیم الشان عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن جہلم، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تمام عہدیداران اور کارکنان سمیت شہر بھر سے تقریباً 500 سے زائد خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

مہمانان گرامی میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری، پروفیسر محمد اکرم مدنی اور پروفیسر قدرت اللہ شامل تھے۔ پروگرام کا انعقاد فرسٹ مون شادی ہال جہلم میں کیا گیا تھا۔ اس کانفرنس میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی خطاب کیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد ادریس قادری نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے فوری قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ انبیاء کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جراءت نہ کر سکے۔ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں اور مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے، اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ کسی فرد ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے تا کہ اظہار رائے کے نام پر ایسے مذموم اقدامات کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔ انہوں نے توہین آمیز فلم کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجویز کی بھرپور تائید کی کہ تمام مسلم ممالک اقوام متحدہ میں اہانت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے ایک قرارداد پیش کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top