ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد سے پاکستان میں بہار بھی آئے گی اور گلشن کا کاروبار بھی چلے گا : علامہ صادق قریشی

لاکھوں افراد پارٹی فلیگ نہیں قومی پرچم لے کر مینار پاکستان پہنچیں گے
منہاجینز ملک میں پرامن تبدیلی لانے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ہر اول دستہ کے سپاہی ہیں

پاکستان کو داخلی انتشار اور بیرونی خطرات نے گھیر رکھا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری’’سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘‘ ایجنڈے کے ساتھ 23 دسمبر کو پاکستان آ رہے ہیں۔ ان کی آمد سے پاکستان میں بہار بھی آئے گی اور گلشن کا کاروبار بھی چلے گا۔ مینار پاکستان عوامی قوت کا وہ نظارہ دیکھے گا جو اس نے پہلے کبھی نہ دیکھا ہو گا۔ لاکھوں افراد پارٹی فلیگ نہیں قومی پرچم لے کر مینار پاکستان پہنچیں گے۔ منہاجینز ملک میں پر امن تبدیلی لانے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ہر اول دستہ کے سپاہی ہیں اور ملک میں شعوری انقلاب لانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر اور سرپرست منہاجینز علامہ صادق قریشی نے منہاجینز کوآرڈنیشن کونسل کے زیر اہتمام ملک گیر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پورے ملک سے 2500 سے زائد سکالرز نے شرکت کی۔ سٹیج پر علامہ رانا محمد ادریس، سہیل صدیقی، نعیم الدین چوہدری، شہزاد رسول قادری، عباس نقشبندی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

صادق قریشی نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن قوم سے جینے کا حق بھی چھین لیں گے۔ اقتدار پر قابض ملک کے 3 فی صد طبقے سے حق حکمرانی چھیننے کیلئے ضروری ہے کہ عوام موجودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور 23 دسمبرکو ریاست بچانے کیلئے مینار پاکستان پہنچ جائیں۔ محمد جواد حامد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا مشن پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر اتنا مضبوط بنانا ہے کہ یہ امت مسلمہ کے دیگر ممالک کیلئے رول ماڈل بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی ملک میں آمد حبس زدہ ماحول میں زندگی کے سانس پورے کرنے والے غریب عوام کیلئے بہار کی ہوا کے جھونکوں جیسا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top