جہلم : سیدہ زینب (رض) کانفرنس

30 نومبر 2012ء جمعۃ المبارک دن 10 بجے منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کے زیراہتمام فاطمہ جناح گرلز کالج ویسٹ کالونی جہلم میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس انعقاد پذیر ہوئی۔ جس میں فاطمہ جناح گرلز کالج ویسٹ کالونی جہلم کا سٹاف، طالبات اور کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز تحصیل جہلم کی ناظمہ طیبہ طاہر نے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت فاطمہ جناح گرلز کالج کی سٹوڈنٹ صبیحہ نےحاصل کی۔ اس کے بعد ماریہ حسن اور زینب نے نعتوں کے نذرانے پیش کئے۔ کالج کی ایک سٹوڈنٹ رابیل ریاض اور منہاج نعت کونسل جہلم نے مناقب بحضور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا پیش کیں۔ فاطمہ جناح گرلز کالج کی سٹوڈنٹ ندا اختر نے حضرت زینب رضی اللہ عنہا کا تعارف پیش کیا۔

مرکزی نگران ڈسٹرکٹ جہلم محترمہ شمائلہ عباس صاحبہ نے انتہائی جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نے کربلا کے میدان میں اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شہزادوں کو شہید ہوتے دیکھا۔ کوفہ، دمشق اور شام کے بازاروں میں اُم المصائب ایسے تکلیف اور دکھ سے گزرئیں کہ اگر کسی پہاڑ پر بھی ایسا غم گزرے تو وہ شدتِ غم سے ریزہ ریزہ ہو جائے، لیکن اُم المصائب سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نے کمال استقامت کا مظاہرہ فرماتے ہوئے حرف شکایت لبوں پر نہ لایا اور اسلام کا عَلم جھکنے نہ دیا۔ انہوں نے عصر حاضر کی عورت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک انتہائی نازک دور سے گز رہا ہے اور یہ دور یزیدی دور سے مماثلت رکھتا ہے اور یہ دور پھر سے اپنی کسی زینب کی تلاش میں ہے، اس لیے آج کی عورت کو بھی اپنا ایمانی فریضہ سرانجام دینے اور اسلام کی احیاء کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے گھروں سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے 23 دسمبر کے قافلے کے قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہو گا۔

فاطمہ جناح گرلز کالج ویسٹ کالونی جہلم کے ڈائریکٹر محمد عرفان الحق نے کانفرنس کی کامیابی پر محترمہ شمائلہ عباس صاحبہ، ناظمہ تحصیل جہلم محترمہ صفیہ رفعت صاحبہ اور ان کی ٹیم کو بھرپور مبارک باد دی اور ہر قدم پر منہاج القرآن کا بھر پور ساتھ دینے کا عہد کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں، سٹاف کالج ہذا اور طالبات سے بھی اپیل کی کہ وہ تحریک منہاج القرآن کا بھر پور ساتھ دیں۔ کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کے شاندار انتظام پر ناظمہ تحصیل جہلم محترمہ صفیہ رفعت صاحبہ کو کالج کی طرف سے تعریفی لیٹر بھی جاری کیا۔

کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور سی ڈیز کا سٹال بھی لگایا گیا تھا، جس میں خواتین نے کافی دلچسپی کا اظہار کیا۔ کانفرس کا اختتام صلوٰۃ و سلام اور دعا پر ہوا۔

رپورٹ: راحیلہ رفعت
ناظمہ نشرواشاعت تحصیل جہلم

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top