جامعۃ الازھر میں منہاجینز کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی (ص)

ماہ ربیع الاول میں آمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر تمام دنیائے اسلام کی طرح جامعۃ الازھر مصر میں بھی منہاجینز کے زیراہتمام 11 12 ربيع الاول کی درمیانی شب محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا اہتمام الازہر يونيورسٹی کے مرکزی ہاسٹل کی جامع مسجد میں کیا گیا۔ پروگرام کی سرپرستی حافظ عاصم ممتاز، حافظ محمد شاھد اور محمد اشفاق نے کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، جس کی سعادت بالترتیب قارى راہب على سيال اور قاری سید خالد حمید كاظمى نے حاصل کی، جبکہ قاری محمد خلیل نے روایت ورش میں سامعین کے قلوب و اذہان کو منور کیا۔ جس کے بعد بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں مدح سرائی اور قصیدہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ محمد طاہر نے قاضى فہيم جيلانى، عثمان افتخار اور حسن کے ہمراہ حضور عليہ السلام كى بارگاہ میں نعت كا نذرانہ پیش کیا، جس کو بہت زیادہ سراہا گیا۔ نعت خوانی کے دوران حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں بلند آواز سے صلوٰۃ والسلام کے نذرانے بھی پیش کئے گئے۔

مسجد کو رنگا رنگ روشنیوں اور قمقموں سے سجایا گیا تھا اور جھنڈیاں بھی لگائی گئیں۔ پاکستان کے علاوہ انڈونیشیا کے نعت خواں نے بھی اپنے روایتی انداز میں بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں عربی قصیدہ پیش کیا۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد آصف ہاشمی، محمد علی اور غلام علی نے سر انجام دیے۔ عتیق الرحمان نے ابتدائی خطبہ پیش کیا، جبکہ شیخ الحدیث الاستاذ ڈاکٹر یسری رشدی جبر نے خصوصی خطاب کیا۔

محفل میں اس وقت ایک رقت آمیز منظر دکھائی دیا جب مصرکے ڈاکٹر یسری رشدی نے محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کچھ لطیف پہلؤوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضور علیہ السلام کے خصائص اور فضائل پر سیر حاصل گفتگو کی، جس پر سامعین بہت زیادہ محضوظ ہوئے۔

مہمان گرامی میں پاکستان ایمبیسی آف قاہرہ سے خصوصی طور پر نائب سفیر تنویر احمد بھٹی تشریف لائے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر غلام محمد قمر الازہری، مظہراقبال اور افریقی ممالک سے تشریف لائے ہوئے علماء کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کے آخر پر ضیافت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ : غلام صمدانی، قاہرہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top