الیکشن کمیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے، نئے نامزدگی فارم نیا چور دروازہ کھولنے کے مترادف ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 14 مارچ 2013ء

17 مارچ لیاقت باغ کے جلسے میں حقیقی تبدیلی کا راستہ اور اسکا پورا لائحہ عمل قوم کو دوں گا
پری پول رگنگ عروج پر ہے، الیکشن کمیشن کے احکامات کو ہوا میں اڑایا جا رہا ہے
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں گفتگو

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نئے کاغذات نامزدگی میں قرضہ معاف کرانے والوں اور ٹیکس چوروں کو محفوظ راستہ دے کر الیکشن کمیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ نئے نامزدگی فارم اصل میں نیا چور دروازہ کھولنے کے مترادف ہے۔ حقیقت میں الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کی 8 جون 2012ء کو آنے والی Judgement کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، مگر تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ شفاف الیکشن کرانے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پری پول رگنگ عروج پر ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے احکامات کو ہوا میں اڑایا جا رہا ہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، فیاض احمد وڑائچ، حنیف چوہدری اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ کل لیاقت باغ راولپنڈی کے جلسہ میں بہت سے حقائق قوم کے سامنے لاؤنگا۔ لیاقت باغ کے جلسے میں حقیقی تبدیلی کا راستہ اور اس کا پورا لائحہ عمل قوم کو بتاؤں گا۔ ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کیلئے 17 مارچ کا جلسہ ایک تاریخ رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک لاکھ سرکاری ملازمین کی تقرریاں کی گئیں ہیں، صرف ایک ہفتہ قبل پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر تقرریاں کی گئی ہیں۔ الیکشن سے قبل بڑے پیمانے پر سرکاری افسروں کے تبادلے بھی کر دئیے گئے ہیں۔ سرکاری بھرتیاں اور سیاسی تبادلے الیکشن کے تناظر میں غیر معمولی بات ہے۔ اس ساری صورتحال میں الیکشن کمیشن کہاں کھڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر آئینی طور پر تشکیل پانے والے الیکشن کمیشن نے اب تک اپنے اقدامات سے ثابت کر دیا ہے کہ اسے غیر آئینی طور پر کس لئے تشکیل دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو قبل از وقت تمام حقائق بتانا چاہتا ہوں کہ استحصالی نظام کے تحت الیکشن کا کھیل ملک و قوم کے ساتھ کتنا بڑا دھوکا ہوگا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top