مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے: نوشابہ ضیاء

موجودہ فرسودہ نظام انتخاب میں جانے سے کوئی بھی تبدیلی نہ آ سکے گی۔
مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے: نوشابہ ضیاء

لاہور: پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی رہنماء نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے بحران میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں خطرناک حد تک کمی ہو گئی ہے۔ پاکستان میں ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری غیر محفوظ سمجھی جا رہی ہے، مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں، مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے۔ بجلی کا بحران ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے لیکن اس اہم مسئلہ کا حل نام نہاد 5 سالہ جمہوری حکومت کی سنہری جمہوریت کے اصولوں میں نہیں آیا۔ موجودہ بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن بچت کرنا ہو گی۔

عوام اور ملک کی بقا کیلئے تمام ترقیاتی منصوبے پس پشت ڈال کر ہنگامی بنیادوں پر صرف اور صرف بجلی کی پیداوار بڑھانے پر زور دینا ہو گا تاکہ ملک وہ روشنی اور ترقی حاصل کر سکے جو پوری قوم کا خواب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ورکنگ ویمن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر فرح ناز، شاکرہ چوہدری اور عائشہ شبیر بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آمدنی کی نسبت گرانی میں ہوشرباء اضافہ عوام کی پریشانیوں کو مزید بڑھاتا جا رہا ہے۔ متوسط اور غریب طبقہ کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کوجواز بنا کر عوام کی کھال اتاری جا رہی ہے۔

مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری سطح پر قیمتوں کے تعین کیلئے مانیٹرنگ کا نظام بنایا جائے اور مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب میں جانے سے کوئی بھی تبدیلی نہ آ سکے گی اس لئے خواتین 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ نظام کو مسترد کر دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top