ڈائریکٹر ایرانی کلچرل کونسل اسلام آباد ڈاکٹر تقی صادقی کی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات

کلچرل کونسل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تقی صادقی کی قیادت میں تین رکنی وفد نے صدر فیڈرل کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل سے منہاج یونیورسٹی میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر علی ابو تراب اور ڈاکٹر کمیل قزلباش شامل تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1994 میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دس ہزار عوامی تعلیمی مراکز، سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کرنے کے لئے عوامی تعلیمی منصوبہ کا آغاز کیا۔ جس کے تحت اَب تک 647 سکول و کالجز اور منہاج یونیورسٹی کے نام سے ایک بین الاقوامی یونیورسٹی قائم ہو چکی ہے، جو پاکستان میں نجی سطح پر واحد اسلامی یونیورسٹی ہے، جسے حکومت نے نہ صرف چارٹر کیا ہے بلکہ اُسے "W" کیٹگری ایوارڈ کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی میں علوم اسلامیہ کے علاوہ کمپیوٹر سائنسز، فزکس، کیمسٹری، باٹنی، زوالوجی اور میتھ وغیرہ میں ماسٹرز کے ساتھ ساتھ علوم اسلامیہ میں PhD بھی کروائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر تقی صادقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک ربانی شخصیت ہیں جو علوم اسلامی پر دسترس رکھنے کے ساتھ ساتھ ایک خوش بیان مقرر بھی ہی ان کی شخصیت ایک موثر اسلامی چہرے کی مثال ہے۔ ان سے یہ توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں کہ امام خمینی کی طرح انقلابی تحریک کا باعث بنیں، چوں کہ ہم نے ان کی رہبری میں ایک انقلاب برپا کیا جو آج تک عالمی تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ شیخ الاسلام کی کتابیں پڑھی ہیں اور ان کی تقاریر بھی سن چکا ہوں۔ جن میں ان کی شخصیت اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے محبت کرنے کی وجہ سے اور بھی عزیز ہو جاتی ہے اور یہی ان کی شخصیت کا اہم ترین اور انقلابی نکتہ ہے۔ شیخ الاسلام کی وسیع النظری اور تدبر کا نتیجہ ہے کہ آج ان کی سرپرستی میں منہاج یونیورسٹی سکول، کالج اور دیگر علمی ادارے کام کر رہے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ منہاج یونیورسٹی اور ایران یونیورسٹی کے سکالرز کا تبادلہ ہو جن کی بنیاد پر اسلامی علوم کی ترویج ممکن ہو۔

وفد نے منہاج یونیورسٹی کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا وزٹ بھی کیا۔ ڈائریکٹر ڈی ایف اے جی ایم ملک، ڈائریکٹر اجتماعات جواد حامد اور ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفد کو مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات جن میں منہاج القرآن پبلی کیشنز، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، آغوش، گوشہءِ درود اور مینارۃ السلام شامل ہیں کا وزٹ کرایا گیا جس میں معزز مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور شعبہ جات کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top