پاکستان میں جمہوریت کو سر عام مصلوب کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 06 مئی 2013ء

پاکستان عوامی تحریک ملک میں لولی، لنگڑی اوربدترین جمہوریت نہیں بلکہ حقیقی عوامی جمہوریت چاہتی ہے
ہماری جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے
قوم جان لے کہ عوام دشمن نظام کو مسترد کرنے والے ہی ملک و قوم کو بچائیں گے

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو سر عام مصلوب کیا جا رہا ہے، عدالتوں اور الیکن کمیشن کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں۔ ایسے غیرآئینی الیکشن کے بعد حکومت اور اپوزیشن کا وہ تماشا لگے گا جو گذشتہ 65 سالوں میں کسی نے نہ دیکھا ہو گا۔ آزاد اراکین کی منڈی لگے گی اور بولی کے دام سے قوم کو اندازہ ہو جائے گا کہ ملک میں کیسی جمہوریت ہے۔ حقیقی جمہوریت تعلیم، صحت اور ملک و قوم کی خوشحالی کا نام ہے جو 65 سال سے پاکستان میں نہ آ سکی۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں لولی، لنگڑی اور آمرانہ جمہوریت نہیں چاہتی بلکہ حقیقی عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے وطن عزیز کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے دشمن نظام انتخابات کو کلیتاً مسترد کیا ہے۔ ہماری جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔ وہ لندن میں پاکستان روانگی سے قبل گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سیاستدان، سیاسی جماعتیں اور انکے بنائے گئے ادارے نظام کو تحفظ دیتے ہیں۔ سارا نظام عوام دشمن اور انصاف دشمن ہے اس لئے ان انتخابات کے ذریعے ملک و قوم کیلئے کوئی خیر نہیں ہو گی اور یہ الیکشن ملک کو مزید کمزور کرنے کا باعث بنے گا۔ 11مئی کو ایک طرف کرپٹ نظام کو سہارا دینے والے ہونگے اور دوسری طرف دھرنا دیکر کرپٹ نظام کو مسترد کرنے والے۔ قوم جان لے کہ عوام دشمن نظام کو مسترد کرنے والے ہی ملک و قوم کو بچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں 11 مئی کو پاکستان میں ہو نگااور کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف تاریخی احتجاجی دھرنے ہو نگے۔ یہ دھرنے پر امن اور پولنگ سٹیشنوں سے دور ہونگے اور کسی کو ووٹ ڈالنے سے جبراً نہیں روکا جائے گا۔ 11 مئی کو ہونے والے الیکشن کے نتیجے میں معلق پارلیمنٹ وجود میں آئیگی اور ایک بار پھر ملک میں لٹیرے، بدیانت، ٹیکس چوروں کی حکومت قائم ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے موجودہ کرپٹ نظام کا حصہ بننے کی بجائے اگر ہمارا ساتھ دیتے اور ظلم کے اس نظام کو ختم کرنے میں مدد کرتے تو صحیح معنوں میں حقیقی تبدیلی قوم کا مقدر بنتی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top