موبائل استعمال پر ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھا کر غریبوں کی جیبوں پر نقب لگائی جا رہی ہے: رحیق احمد عباسی

مورخہ: 24 جون 2013ء

مشرف کے غیر آئینی اقدامات کی حمایت کرنے والوں کی اکثریت حکمران جماعت کے ٹکٹ پر اسمبلی میں براجمان ہے۔
موبائل استعمال پر ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھا کر غریبوں کی جیبوں پر نقب لگا ئی جا رہی ہے۔
لوڈ شیڈنگ، بد امنی، قتل و غارت گری، مہنگائی اور بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے آرٹیکل 6 کا شوشہ چھوڑا گیا: رحیق احمد عباسی

لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ نئی نویلی نام نہاد جمہوری حکومت نے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، ہوشرباء مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بد امنی، قتل و غارت گری اور آئی ایم ایف کی ہدایت پر تیار کردہ غریب دشمن بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے آرٹیکل 6 کا شوشہ چھوڑا ہے۔

حکمران چاہتے ہیں کہ اسی شور شرابے اور ہنگامے میں غربت کی چکی میں پس رہی عوام پر بالواسطہ ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈال دیا جائے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اگر حکومت صحیح معنوں میں آرٹیکل 6 کا نفاذ چاہتی ہے تو اس کا اطلاق 1999 سے کیا جائے اور 17 ویں ترمیم پاس کرنے والے تمام ممبران پارلیمنٹ کو شامل تفتیش کیا جائے۔ ان تمام لوگوں اور ممبران پارلیمنٹ کو بھی کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے ایک ڈکٹیٹر کے اقتدار کو قانونی تحفظ فراہم کیا۔

مشرف سمیت ان تمام افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو آئین توڑنے اور آئین توڑنے والوں کو تحفظ دیتے رہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ مشرف کے غیر آئینی اقدامات کی حمایت کرنے والے ممبران پارلیمنٹ کی اکثریت حکمران جماعت کے ٹکٹ پر اسمبلی میں موجود ہے۔ یقیناً وہ تمام لوگ بھی سزا کے مستحق ہیں جنہوں نے فرد واحد کو آئین میں ترامیم کا اختیار دیا۔

ملک کے حالات روز بروز ابتر ہوتے جا رہے ہیں اگر حالات اسی طرح مزید خرابی کی طرف بڑھتے رہے تو خدانخواستہ ملک خانہ جنگی کا شکار ہو سکتا ہے۔ آرٹیکل 6 کے نفاذ کے حوالے سے اگر حقیقت پسندانہ فیصلے نہ کئے گئے تو ایسے فیصلے مزید مسائل کو دعوت دینے والی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بجلی نہیں مگر غریب سے بل وصول کیا جا رہا ہے۔ پٹرول، گیس، اشیائے خورد و نوش غریب کی پہنچ سے باہر ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ غریب عوام پر نئی حکومت کا ایک اور ظلم ہو گا جسے پاکستان عوامی تحریک مسترد کرتی ہے۔

حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کی بجائے موبائل استعمال پر ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھا کر غریبوں کی جیبوں پر نقب لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے جبکہ عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے خود ساختہ مسائل پیدا کئے جا رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top