جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل ناگویا کے زیر اہتمام محفل شب برات

مورخہ: 23 جون 2013ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ناگویا مرکز (جاپان) کے زیر اہتمام مورخہ 23 جون 2013ء کو بعد نماز عشاء شب برات کے حوالہ سے خصوصی محفل ذکر ونعت کا اہتمام کیاگیا جس میں گرد ونواح سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد جاپان کے مشہور نعت خواں جاوید سجن اور ثاقب علی نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر ناگویا کے ڈائریکٹر علامہ ارشاد حسین سعیدی نے توبہ کے حوالہ سے انتہائی مدلل اور پرسوز خطاب کیا جس میں انہوں نے اپنے کردارکو اسلامی شعار کے مطابق ڈھالنے اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں سے تائب ہو کرزندگی کے نئے سفر کے اغاز کی تلقین کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں انبیاء کرام، صحابہ کرام اور اولیاء کرام کی توبہ کے احوال بیان کئے جسے سن کر ہر آنکھ اشکبار تھی۔

خطاب کے بعد جملہ شرکاء نے باجماعت صلوۃ التسبیح ادا کی جس کی امامت علامہ ارشاد حسین سعیدی نے کرائی، بعد ازاں محفل ذکر کا اہتمام کیا گیا۔ اختتام پر رقت آمیز دعا ہوئی اور تمام شرکاء کے لئے سحری کا اہتما م کیا گیا تھا۔ خصوصی محفل میں نو خوش نصیب احباب نے عظیم مصطفوی مشن میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور لائف ممبر شپ فارم پر کئے۔ نئے خوش نصیب رفقاء میں حاجی محمد صفدر، چودھری افضل محمود، آل محمد، چودھری وجاہت افضل، محمد سعید، چودھری فیاض احمد، محمد مسعود، جہانگیر علی اور محمد ذوالقرنین شامل ہیں۔

رپورٹ: علی عمران

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top