فیصل آباد: ڈاکٹر طاہر القادری لانگ مارچ اور دھرنے کی صورت میں اذان دے چکے، اب اقامت ہوگی، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ورکرز کنونشن سے خطاب

فیصل آباد (14 ستمبر 2013) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بغدادی پارک میں بیداری شعور ورکرز کنونشن کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پوری قوم کو شعور دیا کہ موجودہ کرپٹ نظام کے اندر رہتے ہوئے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ اب لوگ ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کے ساتھ متفق ہو کر ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونے کے لئے کشاں کشاں چلے آرہے ہیں، کارکن ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کے لئے دن رات ایک کر دیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری لانگ مارچ اور دھرنے کی صورت میں اذان دے چکے ہیں، اب اقامت ہوگی اور پورے ملک سے عوام دشمن نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن کو عوام تک پہنچانے کے لئے ہر دوازہ کھٹکھٹانا کارکنان پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا حقیقی پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض، خرم نواز گنڈا پور، سید ہدایت رسول قادری، بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود، رانا محمد ادریس، انجینئر رفیق نجم، رانا طاہر سلیم، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، فاطمہ سجاد، فرحت دلبر قادری، بدررمیض، علامہ عزیز الحسن اعوان، شہزاد مصطفوی، تجمل حسین، علامہ شاہد لطیف، حاجی امین القادری، حاجی رشید قادری و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ کرپٹ نظام انتخابات کبھی اہل قیادت کو نظم و نسق سنبھالنے کا موقع نہیں دے گا۔ اس لئے ضروری ہے کہ کرپٹ نظام انتخاب کو اس کی جڑوں سمیت سیاست سے باہر پھینکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی دعوت پر یزید نے بیعت نہیں کی تھی اس لئے ہر دور میں حسینی راہ پر چلنے والوں کے خلاف یزیدی سوچ مزاحم رہے گی۔ تحریک منہاج القرآن معاشرے میں ہر سطح پر ظلم کے خلاف سینہ سپر ہے اور وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان کی دھرتی پر انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top