ہری پور: ایم ایس ایم کے زیراہتمام امید پاکستان طلبہ کنونشن

ہم فرسودہ نظام تعلیم، طبقاتی تقسیم اور ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں ہیں۔ چوہدری عرفان یوسف

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ہری پور میں امید پاکستان طلبہ کنونشن کا انعقاد مورخہ 12 اکتوبر 2013ء کو کیا گیا جس کی صدارت مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان چوہدری عرفان یوسف نے کی، جبکہ دیگر مہمانوں میں نائب صدر ایم ایس ایم پاکستان رضی طاہر، ڈویژنل کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم علی رضا، امیر تحریک ہزارہ ضیاء الرحمن، ناظم TMQہزارہ ارشد طاہر، صدر تحریک ہری پور ڈاکٹر جہانگیر خان عباسی، صدر PAT ہری پور ڈاکٹر شجاعت عباسی، کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم ضلع ہری پور عمر سفیر، کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم ضلع ایبٹ آباد عدنا ن بشیر، صدر ایم ایس ایم ایبٹ آباد ضیاء المصطفی، صدر ایم ایس ایم حویلیاں تہماس خان، صدر ایم ایس ایم ہری پور اسام خالد اور کثیر تعداد میں طلبہ بھی شریک تھے۔

بینظیر ہال ہری پور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ایم ایس ایم نے کہا کہ آج دل یہ دیکھ کر باغ باغ ہوگیا ہے کہ ایم ایس ایم ہزارہ ایک طاقت بن چکی ہے جو باطل نظام کیخلاف بیدارئ شعور کیلئے مصروف کار ہے۔ ہم فرسودہ نظام تعلیم، طبقاتی تقسیم اور ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں ہیں اور اس وقت تک چین کی نیند نہیں سوئیں گے جب تک پاکستان کے ایک ایک طالب علم تک دعوت انقلاب نہ پہنچا دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی، انتہاپسندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن کا پرچم بلند کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور ہمیں اس بات کی امید نہیں بلکہ یقین ہے کہ انقلاب ہی پاکستان کے جملہ مسائل کا حل ہے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ایم ایس ایم رضی طاہر نے کہا کہ ہزارہ کے غیور نوجوان اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، تعلیم کیلئے اعلی اداروں سے یہ خطہ سالہا سال سے محروم چلا آ رہا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں کی آباد ی میں ہزراوں کی تعداد میں نوجوان تعلیم حاصل کر پاتے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ ان محرومیوں کے خاتمے کیلئے سراپا جہاد بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انقلابی دیوانے اپنے قائد کے ایک حکم کے منتظر ہیں پھر وطن کی سڑکوں پر ایسا رقص ہوگا کہ بڑے سے بڑے محل لرز اٹھیں گے۔ ان کے خطاب کے دوران طلبہ اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔

علی رضا قادری ڈویژنل کوآرڈینیٹر ایم ایس ایم نے تمام تنظیمات کو شاندار پروگرام ترتیب دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مرکزی قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ ایم ایس ایم کی یوم تاسیس کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور طلبہ نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر وطن کی مٹی گواہ بنا کر عہد وفا کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top