راولپنڈی سانحہ راجہ بازار ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے، ابرار رضا ایڈووکیٹ

تمام مکاتب فکر کے علماء صبر کا دامن نہ چھوڑیں، واقعہ کی ذمہ دار ی انتظامیہ اور حکومت پر عائد ہوتی ہے
جنرل مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی بھی ایشوسے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے

تحریک منہاج القرآن اسلام آباد صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ راجہ بازار سانحہ ملک میں بد امنی پھیلانے کی بہت بڑی سازش ہے لہذا تمام مکاتب فکر کے علماء کو چاہیے کہ وہ صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی ذمہ دار راولپنڈی انتظامیہ اور موجودہ حکومت ہے جس نے بروقت انتظام نہیں کیا۔ اگر انتظامیہ مسجد کے پاس سے جلوس گزارنے کی باقاعدہ کوئی پلاننگ کرتی تو ایسا واقعہ رونما ہی نہ ہوتا۔ انتظامیہ کی ذرا سی غفلت نے پورے ملک کا امن دائو پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ اسلام کے تصور امن و برداشت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کارکنوں کو امن کا پیغام دیں۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک میڈیا سیل اسلام آباد کے انچارج مصطفی حسین نے کہا کہ ان حالات میں جب راولپنڈی میں کرفیو نافذ ہے عام آدمی کی حالت بہت مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ لیکن حکومت کی بے بسی اور لاپرواہی کی آخری حد بھی کراس کر چکی ہے، خادم اعلیٰ صاحب سانحہ کے تیسرے دن راولپنڈی میں پہنچے ہیں جبکہ وزیراعظم کو بیرون ملک دوروں سے ہی فرصت نہیں ملتی کہ وہ اپنے ملک کی خبر لے سکیں اوپر سے ایسے میں جنرل مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کی کاروائی بھی ایشو سے توجہ ہٹانے اور پہلو تہی کرنے کے مترادف ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top