ملتان، پاکستان عوامی تحریک کے وفد کی مجلس وحدت المسلمین کے دھرنے میں شرکت

23 جنوری 2014ء کو پاکستان عوامی تحریک ملتان کے وفد نے مجلس وحدت المسلمین کے دھرنے میں شرکت کی۔ وفد میں پاکستان عوامی تحریک ملتان کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر راؤ وقار احمد، راؤ یاسر ارشاد، راؤ غلام رسول غازی، مہر فدا حسین سمیت دیگر شامل تھے۔ راؤ وقار احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کے عوام بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، غربت اور مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، خودکش حملے، دھماکے روز کا معمول بن چکے ہیں، لیکن حکمران حالات پرقابو پانے کیلئے غیرسنجیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنے اہل تشیع بھائیوں کے ساتھ ہے اور امن کی بحالی اور فوری انصاف کے لئے مجلس وحدت المسلمین کے ایجنڈے کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے، انہوں مطالبہ کیا کہ بے حس اور سنگدل حکمران اپنے انجام سے ڈریں اور سڑکوں پر میتیں لے کر بیٹھنے والی عوام کو فوری انصاف دیں، وہ وقت دور نہیں جب ان ظالم حکمرانوں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر عوام الناس کو چھوڑ دینے والے حکمرانوں کی گردنیں خم کر دی جائیں گے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ایک کروڑ نمازیوں کی فوج ملک سے دہشت گردی اور ظلم و بربریت کی بساط لپیٹ دے گی اور وطن عزیز میں امن و امان کی فضا قائم کر دے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top