اسلام دین امن ہے جو دہشت گردی کی کلیتا مذمت کرتا ہے۔ علامہ جمیل احمد زاہد

میرپور (بیورو رپورٹ) اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے اور دہشتگردی کی کلیتاًنہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ دہشتگردوں کو باغی قرار دیکر انکا قلعہ قمع کرنے کا درس بھی دیتا ہے۔ آج کے دہشتگردی کے ماحول میں اس کے خلاف سب سے موثر آواز ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بلند کی جنہوں نے خود کش حملوں کو حرام قرار دیتے ہوئے اسلام کی تعلیمات کے منافی قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی ناظم دعوت علامہ جمیل احمد زاہد نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میرپور اور منہاج القرآن یوتھ لیگ میرپور کے زیراہتمام منعقدہ سفیر امن کانفرنس کے سینکڑوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور فتن میں ڈاکٹر طاہر القادری حق وصداقت کا استعارہ ہیں جنہوں نے سب سے پہلے نام نہاد جمہوریت کے مکروہ چہروں سے نقاب ہٹا کر ان کی عوام دشمنی کو آشکار کیا۔ بلاشبہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کردار ایک مجددانہ کردار ہے جنہوں نے غوث پاک رضی اللہ عنہ کے فیوض و برکات لیکر تجدیدی خدمات کو سرانجام دیا اور ایک وقت آنیوالا ہے کہ جب ایک کڑور نمازیوں کی جماعت کھڑی ہوگی اور باطل خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیگا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگری کے موقع پر یہ عہد کرنا ہے کہ مصطفوی انقلاب کیلئے اپنی جوانیاں بھی لٹا دیں گے۔

سفیر امن کانفرنس کے مہمان خصوصی ضلع مفتی علامہ نذیر احمد تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی خدمات کے حوالے سے پرمغز گفتگو کی اور ان کے مجددانہ کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی خدمات سے کئی صدیاں فائدہ اٹھائیں گی۔ انہوں نے نام نہاد علماء سے کہا کہ وہ ذاتی عناد چھوڑ کر خدا خوفی اپناتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کی خواہ مخواہ کی مخالفت سے باز رہیں اور حق کے بول بالا کیلئے اپنی توانیاں خرچ کریں۔

سفیر امن کانفرنس کی صدارت حافظ احسان الحق ناظم تحریک منہاج القرآن آزادکشمیر نے کی جبکہ مرکزی صدر ایم ایس ایم آزادکشمیر عنصر بشیر لون یوتھ لیگ کے رہنما عثمان شوکت نے بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ پر خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلباء نے پاکستان بنایا تھا اور طلباء ہی پاکستان کو بچائیں گے۔ تقریب سے محمد طاہر، ایم ایس ایم سسٹرز سے شمائلہ فضل، منہاج القرآن ویمن لیگ سے عبیرہ علی اور محترمہ رخسانہ زبیر، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور نے بھی خطاب کیا اور شیخ الاسلام کیساتھ اپنی محبت وعقیدت کا اظہار کیا۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض صدر ایم ایس ایم اویس مصطفوی اور صدر یوتھ لیگ اشتیاق احمد کے علاوہ ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن میرپور، حافظ محمد عرفان اور صدر منہاج القرآن میرپور بشارت علی چوہدری نے بھی سرانجام دیے۔ اس کے ساتھ خصوصی نعت اور ترانے منہاج نعت کونسل آزاد کشمیر کے احباب نے پیش کی۔ صدر منہاج القرآن میرپور بشارت علی چوہدری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ میرپور کے کارکنوں کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی بعدازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور علامہ اسد شاہ کاظمی کی دعائیہ کلمات کیساتھ پروگرام کا اختتام ہوا اور شرکاء سفیر امن کانفرنس کو کیک بھی تقسیم کیا گیا۔ اس کانفرنس میں علماء، وکلاء، سماجی شخصیات طلباء وطالبات اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top