گوجرانوالہ: منہاج القرآن ویمن لیگ کا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

مورخہ: 10 مارچ 2014ء

منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر ’’ڈاکٹر طاہرالقادری کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز قاریہ طیبہ نے صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے کیا، جبکہ سدرہ فاضل نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ نقابت کے فرائض محترمہ مریم اسلم نے انجام دیے اور محترمہ ہریرہ باور صدر منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ اس سیمینار کی مہمان خصوصی مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ راضیہ نوید تھیں، علاوہ ازیں مختلف شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شریک تھیں۔ سیمینار کا بنیادی مقصد عوام وخواص تک پاکستان کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام پہنچانا تھا۔

مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ راضیہ نوید نے اپنی گفتگو کے دوران گوجرانوالہ تنظیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور 23 دسمبر سے 11 مئی کے دوران ہونے والی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب اور نظام سیاست کا خاتمہ کیے بغیر حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، کیونکہ یہ نظام کرپٹ عناصر اور جاگیرداروں کو تحفظ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف صدا بلند کر چکے ہیں۔ 23 دسمبر سے لے کر 14 جنوری کے لانگ مارچ تک انہوں نے اذان دی تھی لیکن اب جماعت انقلاب کا وقت ہو گا جس میں ایک کروڑ نمازی شریک ہوں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے قوم اپنا اور وطن عزیز کا مقدر بدلنے کے لیے اس کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف اٹھے اور ایک کروڑ نمازیوں کا حصہ بن کر وطن عزیز میں مصطفوی انقلاب کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

سیمینار میں محترمہ عاتکہ چوہدری سابق صدر منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ، محترمہ ذکیہ ناصر مینجنگ ڈائریکٹر زرعی ترقیاتی بنک گوجرانوالہ، عاصمہ احسان اللہ Examiner بیکن ہاؤس سکول سسٹم، حمیرا اقبال ایڈووکیٹ، محترمہ رفعت طاہرہ پرنسپل گریژن سکول اور محترمہ سلمیٰ پروین پرنسپل گورنمنٹ گرلز سکول نے بھی شیخ الاسلام کی انقلابی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ اختتام پر گوجرانوالہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کارکنان میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ محترمہ نسرین اسلم ناظمہ ویمن لیگ گوجرانوالہ نے اظہار تشکر کیا اور دعا کے ساتھ سیمینار اختتام پذیر ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top