حکومت ٹیکسز بڑھا کر پسی ہوئی قوم پر مزید بوجھ ڈالنے کی پلاننگ کر رہی ہے: شیخ زاہد فیاض

معیشت کو بہتر بنانے کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑنا کو ئی پلاننگ نہیں بلکہ عوام پر ظلم ہے
پاکستان عوامی تحریک جس انقلاب کیلئے جدوجہد کر رہی ہے وہ پرامن عوامی انقلاب ہے
11 مئی کو ڈاکٹر طاہر القادری انقلاب کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسز بڑھا کر پسی ہوئی قوم پر مزید بوجھ ڈالنے کی پلاننگ کر رہی ہے۔ پاکستان کے موجودہ تمام مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے اور وہ موجودہ نظام انتخاب کی تبدیلی ہے اور یہ تبدیلی صرف انقلاب سے ہی آ سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک جس انقلاب کیلئے جدوجہد کر رہی ہے وہ پرامن عوامی انقلاب ہے۔ اس انقلاب کے لائحہ عمل کا اعلان ڈاکٹر طاہر القادری 11 مئی کو احتجاجی مظاہرے میں کریں گے۔ غریب عوام کو دو وقت کا کھانا پورا کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا رکھا ہے۔ آئے دن ہونے والے بلوں اور اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے غریب کا خون چوس رہے ہیں۔ ان حالات میں خاندان کے خاندان خود کشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک پاکستان کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے جو آئین پاکستان میں غریبوں کو دیے گئے حقوق دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کی سنٹرل باڈی کے سہ ماہی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد ارشاد طاہر، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، ثناء اللہ اور حافظ عثمان حیدر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑنا کو ئی پلاننگ نہیں بلکہ عوام پر ظلم ہے۔ جب عوامی تحریک ملک میں انقلاب لائے گی تو ملک میں لوٹ مار کرنے والوں سے ملک کا ناجائز لوٹا ہوا مال واپس لیا جائے گا اور ملکی معیشت کو مضبوط کیا جائے گا۔ چند ہاتھوں میں محدود ملک کو چلانے کا اختیار نچلی سطح تک منتقل کیا جائے گا جس سے نہ صرف بے روزگاری ختم ہو گی بلکہ ملک پر 5 فیصد اشرافیہ کا قبضہ بھی ختم کیا جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top