فیصل آباد: ریلی کو ناکام بنانے کے لیے ٹرانسپورٹراز اور کارکنان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ میاں کاشف محمود

مورخہ: 09 مئی 2014ء

فیصل آباد ( ) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم میاں کاشف محمود نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے۔ انتظامیہ نے ریلی کے ہورڈنگز، بینرز اُتار دیے ہیں۔ پرنٹنگ پریس والوں، ٹرانسپورٹرز اور کارکنان کو ہراساں کیا جا رہا ہے تاکہ ریلی کو ناکام کیا جا سکے۔ لیکن اس کے باوجود 11 مئی کو فیصل آباد کی سڑکوں پر انسانوں کا سیلاب آئے گا۔ عوام گھروں میں بیٹھنے کی بجائے 11مئی کو اسٹیشن چوک پہنچیں۔ لانگ مارچ میں انقلاب کی اذان دی تھی 11مئی کو اقامت کہیں گے۔ اب خاک نشینوں کے اٹھنے کا وقت آ گیا ہے۔ ہم حکومت کی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں احتجاج کی تیاریاں زور و شور سے مکمل کی جا رہی ہیں۔ موجودہ الیکشن کمیشن غیر آئینی اور کرپٹ لوگوں کا بنایا ہوا ہے اس میں کرپٹ لوگ موجود ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے جو دھن، دھونس اور دھاندلی پر قائم ہے۔ ہم اس کرپٹ نظام کی آخری اینٹ تک اکھاڑ پھینکیں گے۔ عوام اگر اپنا مقدر بدلنا چاہتی ہیں تو ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں، غلام محمد قادری، غلام مصطفیٰ مہاروی، ملک سرفراز قادری، محمد فاروق طُور، منظور حسین رحمانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج کرپٹ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، پڑھے لکھے نوجوان سڑکوں پردھکے کھانے پر مجبور ہیں اور کرپٹ سرمایہ دار اور ان کے بچے اسمبلیوں میں بیٹھ کر موجیں کر رہے ہیں۔ امیر امیر تر اور غریب دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، پانی کی عدم دستیابی اور CNG کی لمبی لائنوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ انقلاب کے علاوہ اب دوسرا کوئی راستہ نہیں رہ گیا۔ ملک میں بدمعاشی، غنڈہ گردی، اختیارات کا ارتکاز، دہشت گردی اور بدترین آمریت تو ہے مگر جمہوریت ہر گز نہیں ہے۔ جمہوریت کے نام پر عوام کا مینڈیٹ چرانے والے آئین اور حقیقی جمہوریت کے دشمن ہیں انکو اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینکنا ہو گا۔ 11 مئی کا احتجاج ملک میں آنے والے سبز انقلاب کا آغاز ہو گا۔ عوام ظالم نظام اور اسکے محافظوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Admissions Open Minhaj University Lahore
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top