ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے سانحہ پشاور کی مذمت، 17 دسمبر کے احتجاج کو ملتوی کرنے کا اعلان

3 روزہ سوگ اور ایک دن کیلئے منہاج یونیورسٹی اور تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہوں گے
وفد امدادی سرگرمیوں کیلئے پشاور روانہ، شعبہ خواتین کی طرف سے شہید بچوں کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی
مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی سنیئر عہدیداروں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس، وزرا ء اور رانا ثنا کے بیان کی مذمت

لاہور (16 دسمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سکول پر حملہ فوج، پاکستان اور پاکستان کے ہر شہری پر حملہ ہے۔ دہشت گردوں نے ہماری روحوں کو زخمی کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ بچے کھچے دہشت گردوں اور انکے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ سر پرستوں کو چن چن کر ختم کر دیا جائے۔ آپریشن ضرب عضب کی اہمیت اور ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ پشاور کے سوگ میں 17 دسمبر کے ملک گیر احتجاج کو موخر کر دیا اور 3دن کے سوگ کا اعلان اور منہاج یونیورسٹی، ویمن کالج اور تمام سکولز ایک دن کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سنیئر رہنماء ساجد بھٹی، جواد حامد، سہیل احمد رضا، راجہ ندیم بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک کا ایک وفد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے ہمراہ پشاور کیلئے روانہ ہو گیا ہے۔ زخمیوں کی بحالی کیلئے اور ہر ممکن مدد کیلئے اپنی بساط کے مطابق کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین آج (بدھ)اسلام آباد میں دعائیہ تقریب منعقد کرے گا اور شہید بچوں کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔ انہوں نے ن لیگ کے وزراء بالخصوص رانا ثناء اللہ کے تنقیدی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ وقت سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کا نہیں۔ شہداء کے لواحقین سے یکجہتی اور ہمدردی کرنے کا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی ایک دہشت گردی تھی اس دکھ کو کبھی نہیں بھول سکتے اسکا بھی حساب لیں احتجاج کی آئندہ تاریخ کا اعلان 3 روزہ سوگ کے بعد کریں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور اپنی نوعیت کی انتہائی قابل مذمت اور گھٹیا ترین دہشت گردی کی کارروائی ہے پاکستان عوامی تحریک دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف ہے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر طاہرالقادری نے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کا اعلان کیا اور خود کش حملوں اور دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل فتوی دیا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو شہید کرنے والوں کا ایجنڈہ کچھ بھی ہو یہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے پوری قوم کو یکسو اور یک جان ہو کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top