پاکپتن شریف: پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کی سانحہ پشاور کی شدید مذمت

پاکستان عوامی تحریک ضلع پاکپتن شریف کے صدر میاں محمد شریف سُسل نے گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں دہشت گردی کا حملہ ایک سکول پر نہیں بلکہ تعلیم اور انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 17 دسمبر کو ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے ملتوی کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج یونیورسٹی سمیت تحریک منہاج القرآن کے تحت ملک بھر میں چلنے والے سینکڑوں سکولز و کالجز بھی 17 دسمبر کو بند رہیں گے۔

پیر محمد احمد تحصیل صدر پاکستان عوامی تحریک پاکپتن شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور اس کے اتحادیوں میں ایسی جماعتیں اور ایسے افراد شامل ہیں جو اعلانیہ یا غیر اعلانیہ طور پر دہشتگردوں کی حمایت اور ان کی پشت پناہی کرتے ہیں، اب وقت آ چکا ہے کہ ان کی نشاندہی کی جائے اور ان کا خاتمہ کیا جائے۔

سید ابو داؤد شاہ بخاری امیر تحریک منہاج القرآن ڈسٹرکٹ پاکپتن شریف نے کہا کہ پاک فوج کو نہ صرف آپریشن ضرب عضب جاری رکھنا چاہیے بلکہ اس کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی دہشت گردی کی نرسریوں اور ان کی سر پرستی کرنے والی جماعتوں یا شخصیات کا بھی بلا استثنیٰ خاتمہ کرنا چاہیے۔

اس موقع پر رانا منظور علی ضلعی سرپرست تحریک منہاج القرآن ضلع پاکپتن نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے آج سے کئی سال پہلے پوری امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کی راہنمائی کیلئے دہشت گردی کیخلاف 600 سے زائد صفحات پر مبنی فتویٰ جاری کیا تھا جس میں نہ صرف قرآن و حدیث کی روشنی میں دہشت گردی کے متعلق فکری انتشار کا قلع قمع کیا بلکہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پالیسی ساز اور سیکورٹی اداروں کی راہنمائی بھی کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top