شدید دھند، سردی اور دہشت گردی کا خوف مسترد، عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان پر ہی ہو گی

ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان، ذمہ داران کو شاباش
آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو مضبوط بنانے کا بہترین موسم ماہ ربیع الاول شریف ہے
لوگ اس جذبے سے آئیں کہ فضا مرحبا مرحبا آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحبا کے نعروں سے گونج اٹھے
مشائخ عظام، جید علمائے کرام، معروف مذہبی و سیاسی شخصیات، طلبا، تاجر تنظیمیں اور سماجی رہنماؤں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی
سربراہ عالمی میلاد کانفرنس ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی انتظامی کمیٹیوں کے عہدیداران سے گفتگو

لاہور (31 دسمبر 2014) عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت سالانہ 31ویں عالمی میلاد کانفرنس حسب روایت 11 اور 12 ربیع الاول کی شب 3 جنوری (ہفتہ) مینار پاکستان پر ہی ہو گی۔ کارکنان کی طرف سے شدید دھند، سردی اور دہشت گردی کے خوف کو مسترد کر کے مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس منعقد کرنیکے فیصلے پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنان اور ذمہ داران کو شاباش دی اور کہا کہ یہ فیصلہ محسن انسانیت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پاک سے لازوال محبت کا قابل فخر اظہار ہے، کائنات کی سب سے بڑی خوشی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہے، ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کرحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا چاہیے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تشکیل دی گئیں انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، جواد حامد، ساجد بھٹی، حاجی منظور، شہزاد رسول، سہیل رضا، ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر صحیح عمل صرف اسی طور پر ممکن ہے جب ہم اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں گے اور اس تعلق کو مضبوط بنانے کا بہترین موسم ماہ ربیع الاول شریف ہے۔ دنیا کو جہالت سے نکال کر شعور و آگہی کا نور دینے والے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ آ گیا ہے۔ اس ماہ دیوانہ وار خوشی کا اظہار کر کے اللہ کی عظیم نعمت پر شکر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان عالمی میلاد کانفرنس میں اہلیان لاہور جلوسوں کی شکل میں درود و سلام پڑھتے ہوئے آئیں، میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے جلوسوں پر لوگ پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں، لاہور والے مینار پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کریں کہ فضا غلام ہیں غلام ہیں رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلام ہیں اور مرحبا مرحبا آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحبا کے مقدس نعروں سے گونج اٹھے، انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں مشائخ عظام، جید علمائے کرام، معروف مذہبی و سیاسی شخصیات، طلبا، تاجر تنظیمیں اور سماجی رہنماؤں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے باعث انسان کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا، کائنات کا وجود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات تعلق عشق کی بحالی میں ہے اور اس تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلاد سے بڑھ کر کوئی اور وقت نہیں ہو سکتا۔ گلی گلی، قریہ قریہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار ہونا چاہیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top